بے نظیرنے جان کا نذرانہ دیکر جمہوریت کو ہمیشہ کیلئے امر کردیا ، اشرف بھٹی
لاہور (نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی لاہور کے سینئرنائب صدر محمد اشرف بھٹی نے پارٹی کی شہید چیئر پرسن بے نظیر بھٹو کی گیارہویں برسی پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو شہید نے اپنی قیمتی جان کا نذرانہ دیکر پاکستان میں جمہوریت کو ہمیشہ کے لئے امر کردیا ہے آج ان کی لازوال قربانی کی وجہ سے ملک میں جمہوری حکومتوں کا سفر جاری ہے یہ الگ بات ہے کہ آج کی پی ٹی آئی کی سول حکومت اپنی آمرانہ پالیسوں کی وجہ سے کسی بھی آمرانہ دور حکومت سے کم نہیں ہے لیکن پی ٹی آئی کو اپنی روش تبدیل کرنا پڑے گی اور اپنے سیاسی مخالفین کو بھی برداشت کرنا پڑے گا اسی میں اس کی اپنی بہتری ہے ۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح اب بھی ہمارے قائد آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ محترمہ فریال تالپور عدالتوں سے باعزت بری ہوں گے۔
ان دونوں قائدین پر جعلی جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات قائم کئے گئے ہیں افسوس کی بات ہے کہ سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کاروائیاں کی جارہی ہیں حالانکہ جنوبی ایشاء کی سب سے بڑی لیڈر محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے میثاق جمہوریت کی بنیاد رکھ کر سیاسی انتقامی کاروائیوں کا باب ہمیشہ کے لئے بند کردیا تھا لیکن آج پھر ضرورت اس امر کی ہے کہ موجودہ حکمران بھی اس میثاق جمہوریت پر عمل کریں اور سیاسی مخالفین کو برداشت کرنے کا کلچر اپنائیں ۔انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ موجودہ حکمران اپنے سیاسی مخالفین کو ایک لمحے کے لئے بھی برداشت کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں جس کی ہم مذمت کرتے ہیں اور ان سے کہتے ہیں کہ وہ ماضی کے حکمرانوں سے سبق سکھیں انہوں نے ہمیشہ ایسے ہی حکمران نہیں رہنا ہے ۔