قائد اعظم ؒ تمام مذاہب کو عزت و احترام سے دیکھتے تھے، فیاض الحسن

قائد اعظم ؒ تمام مذاہب کو عزت و احترام سے دیکھتے تھے، فیاض الحسن

  

لاہور (فلم رپورٹر) صوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ قائد اعظم بلاشبہ ایک عظیم لیڈر تھے۔ ان کا نظریہ تھا کہ پاکستان تمام مذاہب اور فرقوں کا مسکن ہے اور تمام مذاہب کو خواہ وہ ہندو ہوں، پارسی ہوں یا عیسائی ہوں عزت اور احترام دینے والا ہے۔ یہ ہی نظریہ ہمارے بابائے قوم کا تھا اور یہ ہی نظریہ ان کے پیروکار اور ہمارے کپتان عمران خان کا ہے، یہ ہی نظریہ تحریک پاکستان کی بنیاد تھا اور یہ ہی سوچ نئے پاکستان کی بنیاد بنی۔ ہمیں اپنا کھویا ہوا وقار حاصل کرنے کے لیے قائد اعظم کے افکار کی روشنی میں آگے بڑھنا ہو گا۔ قائد اعظم کے پاکستان کو ایسا ملک بنائیں گے جہاں قانون کی حکمرانی، آئین کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی ہو۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے آج الحمرا آرٹس کونسل میں قائد اعظم کے پورٹریٹس کی نمائش کے افتتاح کے موقع پر اپنے خطاب میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس نمائش میں قائد اعظم کے نادر اور نایاب پورٹریٹس نمائش کے لیے پیش کیے گئے۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا آرٹس کونسل اطہر علی خان سمیت میڈیا، سول سوسائٹی اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر کولن ڈیوڈ، سعید اختر ذوالفقار زلفی اور محمود بٹ سمیت تیس سے زائد آرٹسٹوں کے بنائے گئے پورٹریٹس کی نمائش کی گئی۔ جس میں ڈرائینگ اور پینٹنگز پر مبنی فن کے بہترین نمونے شامل تھے۔

اس میں سے بیشتر فن پارے الحمرا آرٹ سنٹر، نظریہ پاکستان اور الحمرا آرٹ میوزیم سے لیے گئے تھے۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا آرٹس کونسل اطہر علی خان کا کہنا تھا کہ اس نمائش کا مقصد بانی پاکستان محمد علی جناح کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔ اور عوام کو قیام پاکستان میں ان کی جدوجہد کے مختلف پہلو ؤں سے آگاہ کرنا ہے۔

اہم مواقع پر نمائشوں کا انعقاد الحمرا آرٹس کونسل کا خاصا رہا ہے۔

مزید :

کلچر -