اردو سائنس بورڈ کی شائع کردہ 7نئی کتابوں کی تقریب رونمائی

اردو سائنس بورڈ کی شائع کردہ 7نئی کتابوں کی تقریب رونمائی

  

لاہور( لیڈی رپورٹر )اردو سائنس بورڈ کی شائع کردہ سات نئی کتابوں کی تقریب رونمائی بورڈ صدردفتر میں ہوئی۔صدارت ڈائریکٹرجنرل ڈاکٹر ناصر عباس نیر نے کی۔ نئی کتابوں میں موجدخواتین،فرہنگ حیاتیات، فرہنگ کیمیا، گدھ ایک قدرتی خاکروب،لے سانس بھی آہستہ، پودوں کی نرسری تیاری اوردیکھ بھال اورزبان لہجے اورلسانی رشتے شامل ہیں۔تقریب میں ماہرینِ علوم ڈاکٹرعبدالعلیم چودھری،ڈاکٹرسدرہ صفدر،ڈاکٹرعنبرین صلاح الدین ، ڈاکٹرصائمہ صدیق، ماہین ضیا، عزیرہ ضیا، سلیم اختر اور حمیرافاروق کے علاوہ کتابوں کے مصنفین ڈاکٹربشریٰ نثارخان،جمیل احمد، زاہدہ حمید، سجادبلوچ ،تسنیم جعفری نے بھی اظہارخیال کیا۔اس موقع پر ڈاکٹرناصرعباس نیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ بورڈنے کتب کی اشاعت کے حوالے سے دقیانوسی تصورات کو ختم کرکے سائنسی بنیادوں پر کتب کی تیاری کاآغازکیا۔

ادارے کی تاریخ میں پہلی باررواں سال کے دوران تیس سے زائد کتابیں شائع کیں، جن میں مختلف علوم کی فرہنگیں اورنوبیل خطبات کے تراجم بھی شامل ہیں ۔ بورڈنے علمی اورادبی حلقوں میں اپنی شناخت بنانے کے لیے متعدداقدامات کیے ۔ انہوں نے کہاکہ معاشرے میں سائنسی رویے اورسائنسی سوچ پیداکرکے حقیقی تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔ ڈاکٹرناصرعباس نیر نے اعلان کیاکہ بورڈناپیدہونے والے جانوروں اورپودوں کے بارے میں سائنسی تحقیق کی بنیادپرمزید کتابیں شائع کرے گا۔ماہرینِ علوم نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ میڈیااورانٹرنیٹ کے دورمیں کتاب کی اہمیت اور کتب بینی کے فروغ کے لیے بورڈکے اقدامات قابل تعریف ہیں۔ بورڈنے مختلف علوم کی کتب اردومیں شائع کرنے کااہم کارنامہ انجام دیاہے۔بورڈکی نئی کتابیں بڑی تحقیق اورعرق ریزی سے تیارکی گئی ہیں۔ماہرین نے کتابوں کے موادکومزید بہتربنانے کے لیے تجاویز پیش کیں۔ تقریب رونمائی میں مختلف تعلیمی ادارں کے اساتذہ، طلبہ وطالبات کے علاوہ ڈائریکٹراردوسائنس بورڈبدررضوان عباسی،شعب جہانگیر،سجادبلوچ، ملک فیاض حسین فردوسی، اکمل سومرو، ضیاامرین،جویریہ صفدر، نجم السحر،نیلم نسیم، سحرش افتخار،حاشربٹ اوردیگر نے شرکت کی۔تقریب کی کمپیئرنگ کے فرائض سینئر ریسرچ آفیسر زاہدہ حمیدنے انجام دیے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -