پاکستان کا نجی شعبہ باہمی تعلقات کی مضبوطی کیلئے کردار ادا کرے: عمانی وزیر سیاحت

پاکستان کا نجی شعبہ باہمی تعلقات کی مضبوطی کیلئے کردار ادا کرے: عمانی وزیر ...

  

لاہور (نیوز رپورٹر) عمان کے وزیر سیاحت احمد بن ناصر ال ماہاریضی نے لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر، نائب صدر فہیم الرحمن سہگل اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبران سے ملاقات میں کہا ہے کہ دونوں ممالک کا نجی شعبہ باہمی تجارتی و معاشی تعلقات مزید مستحکم کرنے اور دونوں ممالک کی معاشی قوت سے فائدہ اٹھانے کے لیے اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے چیمبرز کو مضبوط روابط قائم اور تجارتی معلومات کا بروقت تبادلہ یقینی بنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عمان کی سیاحت بڑی تیزی سے ترقی کررہی ہے، دونوں ممالک اس شعبے میں مل کر کام کرسکتے ہیں۔ انہوں نے لاہور چیمبر کے وفد کو عمان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا، وسطیٰ ایشیاء اور مغربی ایشیاء کے سنگم میں واقع ہے جبکہ یہ وسطیٰ ایشیاء کے لینڈ لاکڈ ممالک تک بذریعہ سمندر رسائی کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمان اور پاکستان کو امن و ہم آہنگی کے فروغ کے لیے خصوصی کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تیل کے شعبے میں عمان وسیع تجربے کا حامل ہے لہذا عمان کی کمپنیوں کو پاکستانی تاجروں کے ساتھ مل کر اس شعبے میں مشترکہ منصوبہ سازی کا آغاز کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہ کہ تعلیم، ہیلتھ، انجینئرنگ، تعمیرات اور ٹیلی کمیونیکیشن وغیرہ کے شعبوں میں پاکستان افرادی قوت مہیا کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تاجروں کو اپنے روابط مستحکم کرنے چاہئیں جبکہ تجارتی وفود کا تبادلہ اور سنگل کنٹری نمائشوں کا انعقاد بھی باہمی تجارت کے فروغ میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ 

مزید :

کامرس -