منی بجٹ سے ٹیکسوں کے بوجھ‘ غربت میں اضافہ ہوگا‘ ماہرین

منی بجٹ سے ٹیکسوں کے بوجھ‘ غربت میں اضافہ ہوگا‘ ماہرین

  

لاہور( افضل افتخار)منی بجٹ سے ٹیکسوں کابوجھ بڑھ جائے گا جس سے ملک میں غریب افراد کو سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑے گا اور مہنگائی میں بھی کئی فیصد اضافہ ہوگا کسی بھی حکومت کی جانب سے منی بجٹ کے اثرات ملک پر ہمیشہ منفی ہوتے ہیں ان خیالات کا اظہار اقتصادی ماہرین نے گفتگوکرتے کیا لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایگزیکٹو ممبر اشرف چوہدری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں ہمیشہ ٹیکسز اور ڈیوٹیز ہی بڑھائی جاتی ہیں عوام کو کوئی ریلیف نہیں ملتا بلکہ ان کی زندگی مزید مشکل ہوجاتی ہے اس لئے حکومت منی بجٹ لانے سے گریز کرنا چاہئیے اور عوام کوزیادہ سے زیادہ ریلیف دینا چاہئے حکومت منی بجٹ ضرور لائے مگر عام آدمی کے ساتھ کئے گئے وعدوں کے مطابق مہنگائی مزید بڑھانے کے بجائے کم کی جائے اوراس حوالے سے اقدامات کئے جائیں انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان منی بجٹ کا متحمل نہیں ہوسکتا ملک میں پہلے ہی بہت مہنگائی ہے اور اب کسر منی بجٹ سے پوری کی جائے گی جس سے زیادہ بوجھ غریب لوگوں پر پڑے گا آئی ایف پی سی سی آئی کے ریجن چیئرمین چوہدری عرفان یوسف نے کہا کہ منی بجٹ سے ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان کھڑا ہوگا اور اس سے مہنگائی مزید بڑھ جائے گی اور عوام کو مزید پریشانی ملے گی غریب افراد پہلے ہی بہت پریشان ہیں ان کو زیادہ سے زیادہ ریلیف ملنا چاہئیے انہوں نے کہا کہ ڈالر کی بڑھتی قیمت سے پہلے ہی غریب عوام پس رہی ہے اقتصادی امور کے ماہر ڈاکٹر قیس اسلم نے کہا کہ گزشتہ حکومتیں بھی منی بجٹ لاتی رہی ہیں اور اآئین کے مطابق پارلیمنٹ کو ایک اور بجٹ پاس کرنے کا اختیار بھی حاصل ہے لیکن کاش کوئی منی بجٹ ایسا بھی آئے جس سے ملک میں مہنگائی کا خاتمہ ہو مزید مہنگائی نہ ہو انہوں نے کہا کہ منی بجٹ کا مطلب صرف پیسے اکھٹا کرنے کا ذریعہ ہے انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ایف بی آر سے حکومت پیسہ اکھٹا کرنے میں ناکام رہی ہے اور اسی لئے یہ منی بجٹ لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ اس کے ذریعہ پیسہ اکٹھا کیا جائے اور نئے نیکس بھی عائد کئے جائیں معروف تاجر عمرجاوید نے کہا کہ پہلے ہی مہنگائی بہت ہے اور اب منی بجٹ کے بعد تو مزید بڑھ جائے گی اور اس وقت کاروبار بہت نقصان میں ہے اور مزید ٹیکس لگانے سے ہمارے کاروبار پر اس کے منفی اثرات مرتب ہوں گے حکومت کو چاہئیے کہ وہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دے اور ان کے مسائل حل کرے منی بجٹ عوام کی مشکلات حل کرنے کے بجائے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کرنے کا سبب بنے گا اور اس سے ملک میں بہت زیادہ مہنگائی بڑھ جائے گی اور غریب لوگوں کو اس کا سب سے زیادہ نقصان ہوگا منی بجٹ لایا جائے تو اس میں غریب لوگوں کے لئے بھی زیادہ سے زیادہ ریلیف شامل کیا جائے تاکہ ان کی زندگیاں بھی آسان ہوسکیں۔

مزید :

کامرس -