کرپشن کے خاتمہ تک حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی، گورنر پنجاب

کرپشن کے خاتمہ تک حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی، گورنر پنجاب

  

چیچہ وطنی(نامہ نگار،نمائندہ خصوصی)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ کرپشن میں جو بھی سزائیں ہو رہی ہیں وہ مقدمات پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے نہیں بنائے بلکہ وہ مقدمات پہلے سے چلے آ رہے ہیں، جو بھی کرپشن کرے گا اسے اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔کرپشن کے مکمل خاتمے تک تحریک انصاف کی حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی۔ وزیر اعظم عمران خان نے کرپشن کے خلاف جو علم جہاد بلند کیا ہے اس پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، سابقہ دور میں عوام کے ٹیکس کی رقم کا زیادہ حصہ کرپشن کی نظر ہو گیا، عوام کو تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ہمیں اپنے آپ کو ایک اچھا مسلمان اور پاکستانی بنانا ہے تا کہ ہر فرد ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکے ، ہماری حکومت سیاسی انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی اس لئے بلا امتیاز احتساب کا عمل جاری رہے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما رائے حسن نواز خاں اور ممبرقومی اسمبلی رائے مرتضیٰ اقبال ایڈووکیٹ کی رہائش گاہ رائے ہاؤس میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری وحید اصغر ڈوگر، چیئرمین میونسپل کمیٹی چیچہ وطنی رانا محمد اجمل خاں،سابق نائب ناظم ضلع ساہیوال ملک محمد یار ڈھکو، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما رانا آفتاب احمد خاں، مسلم لیگ ن کے تحصیل صدر چوہدری امجد ظفر،سیٹھ عابد محمود،شیخ عبدالغنی،پاکستان تحریک انصاف کے سابق ضلعی صدر فیصل ڈھکو، مہر ارشاد کاٹھیہ، ضلعی جنرل سیکرٹری راؤ محمد اسلم،چیئرمین یونین کونسل چوہدری بشارت گیلانی، چوہدری ساجد بشیر، افتخار بشیر چیمہ، سردار ذوالفقار ڈوگر،چوہدری فیاض حسن کمبوہ، رانا جواد شمشاد ایڈووکیٹ، وائس چیئرمین بلدیہ ملک اصغر گلزار ، سابق چیئرمین بلدیہ رانا گلزار محمد خاں ایڈووکیٹ سمیت کونسلروں، پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ چیچہ وطنی کے عوام کو صحت کی بہتر سہولتیں فراہم کرنے کیلئے رائے علی نواز فاؤنڈیشن ہسپتال کی عمارت میں اضافہ کر رہے ہیں،وزیر اعلیٰ پنجاب اور صوبائی کابینہ تعلیم اور صحت میں میجر ریفارمز لا رہی ہے،پولیس اور جوڈیشری میں اصلاحات لے کر آ رہے ہیں تا کہ سول کیسز ایک سال کے اندر نمٹائے جا سکیں، یہ 100 دنوں کی کارکردگی سے ہم مطمئن ہیں۔ رائے حسن نواز خاں اورممبر قومی اسمبلی رائے مرتضیٰ اقبال ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ناجائز قابضین سے 30 مربع زمین واگزارکروائی ہے ، گورنر پنجاب سے ہم اس پر انڈسٹریل زون بنانے اور اوور ہیڈ برج کے نیچے انڈر پاس بنانے کا مطالبہ کرتے ہیں جس پر گورنر پنجاب نے اپنے خطاب کے دوران تمام مطالبات کو جلد منظور کر کے پایہ تکمیل تک پہنچانے کا یقین دلایا۔

گورنر پنجاب

مزید :

صفحہ آخر -