حکومت کی کارروائیوں سے ملک میں انتشار بڑھے گا ،احسن اقبال
اسلام آباد (این این آئی) سابق وزیر داخلہ ٗمسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہاہے کہ حکومت کی کارروائیوں سے ملک میں انتشار بڑھے گا ، آپس میں لڑنے کی بجائے ملک کے درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے کی ضرورت ہے ٗآڈیٹر جنرل کا کام ہوتا ہے کہ وہ حکومت اورمحکموں کے درمیان اخراجات کے معاملات کودیکھے ، اس میں بے ضابطگی بھی ہوسکتی ہے۔ایک انٹرویو میں احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں ابھی خطرات کاسامنا ہے ، انتہاپسندی نے ہمارے ملک میں بڑی گہری جڑیں بنا لی تھیں اور یہ دوچار سال کا عمل نہیں بلکہ عشروں کا عمل تھا۔ انہوں نے کہا کہ انتہاپسندی کو کنٹرول کرنے کیلئے پوری قوم کومل کر کام کرنے کی ضرورت تھی ، جب مسلم لیگ ن کی حکومت آئی تو ہم نے قومی اتحاد اور یکجہتی کوقائم رکھنے کیلئے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کیا۔ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا مسئلہ یہ ہے کہ ان کے خلاف سب چور ہیں ، حکومت کی کارروائیوں سے ملک میں انتشار بڑھے گا اور میں سمجھتا ہوں کہ آپس میں لڑنے کی بجائے ملک کے درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آڈیٹر جنرل کا کام ہوتا ہے کہ وہ حکومت اورمحکموں کے درمیان اخراجات کے معاملات کودیکھے ، اس میں بے ضابطگی بھی ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کے مطابق یہ سوال کیا جا سکتاہے کہ کیا سارے کاسارا بجٹ ہی کھا لیا گیا ہے ؟کیونکہ جتنے اعداد و شمار آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں بیان کئے گئے ہیں ملک کا سالانہ بجٹ اس سے کم ہے۔