عمران خان کو سیاسی انتقام مہنگا پڑے گا حمزہ ،چوری اور سینہ زوری کی مثالیں کم ملتی ہیں ،فواد

عمران خان کو سیاسی انتقام مہنگا پڑے گا حمزہ ،چوری اور سینہ زوری کی مثالیں کم ...

  

لاہور (جنرل رپورٹر،کرائم رپورٹر) اپوزیشن لیڈر پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ احتساب کے پیچھے انتقام کی بو آتی ہے،عمران خان کو سیاسی انتقام بہت مہنگا پڑے گا، عمران خان اپنے دائیں بائیں دیکھیں کرپشن کرنے والے نظر آئیں گے، جعلی احتساب کا دور زیادہ دیر تک چلنے والا نہیں، وزیراعظم عمران خان صاحب آپ مسٹر کلین نہیں ہیں، بنی گالا کی تجاوزات پر قوم سے معافی مانگیں ،ہم نے مشرف کے دس سال بھی بھگتے ہیں، ہمیں کھوکھلے نعروں سے نہ ڈرا، آپ ایک ایک ارب ڈالر کیلئے در در ٹھوکریں کھا رہے ہیں اور ہم نے بھیک نہیں مانگی، سی پیک کی 50 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری انہی 5 سال میں ہوئی،پشاور کے بی آر ٹی منصوبے کی بھی انکوائری ہونی چاہیے، قوم کے سامنے اپنی بہن علیمہ خان کے اثاثے اور ذرائع لے کر آئیں، آپ نے بے دردی سے غریبوں کی جھونپڑیاں گرادیں، نواز شریف نے اندھیرے ختم کیے اور دہشت گردی ختم کی کسی سے بھیک نہیں مانگی۔نیب لاہور میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ جعلی احتساب کا دورزیادہ چلنے والا نہیں ہے، نواز شریف نے نیب کورٹ کی 165پیشیاں بھگتیں، 24دسمبر کے فیصلے میں کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں مل سکا، شہباز شریف کو صاف پانی میں بلا کر آشیانہ اسکینڈل میں گرفتار کرلیا گیا، تین ماہ ہو گئے ہیں، ایک پائی بھی قومی خزانے میں خرد برد کرنے کا ثبوت نہ مل سکا، ایک انچ زمینحکومت کی نہیں گئی، اپوزیشن لیڈر تین ماہ سے گرفتار ہیں، نیازی صاحب آپ نے عوام کے ووٹوں پر ڈاکہ ڈال کر جعلی وزیراعظم کا انتخاب کیا، اس طرح یہ جعلی احتساب کیا جا رہا ہے، 90 ارب میں پنجاب کے تینوں میٹرو بس کے منصوبے مکمل ہوئے، خیبرپختونخوا میٹروبس کا منصوبہ ایک کھرب کا ہے اور وہاں کھنڈر بنا ہوا ہے، اس منصوبے کی بھی انکوائری ہونی چاہیے، نیازی صاحب آپ بھی مسٹر کلین نہیں ہیں، عمران خان میں نہ کوئی سپورٹ مین میرٹ ہے وہ نہ کھلاڑی ہیں بلکہ اناڑی ہیں، آپ علیمہ خان کے اثاثوں کو عوام کے سامنے لے کر آئیں،غریبوں کے سر سے ان کی چھت چھین لی گئی، بنی گالہ میں جو ناجائز تجاوزات ہیں اس پر قوم سے معافی مانگیں، عدالت میں جا کر اس کا حساب دیں، نیازی صاحب کو خیبرپختونخوا کے سرکاری ہیلی کاپٹر میں سیر سپاٹے کئے اس پر قوم کو حقائق بتانے چاہئیں، نیازی صاحب کہتے یں کان کھول کر سن لو کہ میں پچاس لوگوں کو گرفتار کروں گا، نیازی صاحب آپ بھی کان کھول کر سن لو آپ جو احتساب کر رہے ہیں اس کے پیچھے انتقام کی بو آتی ہے، یہ احتساب شریف خاندان نے مشرف کے دس سالوں میں بھی بھگتا ہے، ہمیں کھوکھلے نعروں سے ڈرایا نہ جائے۔

حمزہ شہباز

اسلام آباد،لاہور (سٹاف رپورٹر) حمزہ شہباز کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ چوری اور سینہ زوری کی مثالیں کم ملتی ہیں، اتنی سنجیدگی سے جھوٹ بولنا کافی مشکل ہے لیکن ان سب نے اس میں پی ایچ ڈی کی ہے، لہٰذا مشکل نہیں،پانچ سال کی کرپٹ حکومت کے بعد دیوالیہ معیشت حوالے کی، سارا ملبہ پی ٹی آئی پر ڈال دیا۔صوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ عمران خان جرات اور انتظامی صلاحیتوں کے مالک کامیاب کھلاڑی ہیں،مقام حیر ت ہے کہ عدالتوں کے چکر لگانے والے عمران خان کو اناڑی کہہ رہے ہیں،165کھرب روپے لوٹنے والوں کی 165پیشیاں عوام کی نظر میں کوئی اہمیت نہیں رکھتی،شریف خاندان نے جیسے ملک لوٹا ہے ویسے ہی عدالتوں کو جواب دیں۔ ا ن خیالات کا اظہارصوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے حمزہ شہباز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھاکہ اپوزیشن کی کرپشن کی جہاں بات ہو فورا جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے۔ چالیس برس سے میاں نواز شریف نے کرپشن، بدیانتی اور کمیشن کے زریعے لوٹ مار کی۔ بے انت کرپشن پر سزا ہوئی جس پر لوگ بہت خوش ہیں۔ شریف فیملی نے پورے خاندان سمیت ملک کو لوٹا۔ ان کی پانچوں انگلیاں گھی میں اور سر کڑاہی میں تھا۔

وزیراطلاعات

مزید :

صفحہ آخر -