ایکسائز موٹر رجسٹریشن برانچ کرپشن کا گڑھ ،عملہ ماہانہ 2کروڑ کمانے لگا ،ڈی جی نے چپ سادھ لی

ایکسائز موٹر رجسٹریشن برانچ کرپشن کا گڑھ ،عملہ ماہانہ 2کروڑ کمانے لگا ،ڈی جی ...

  

لاہور (ارشد محمود گھمن /سپیشل رپورٹر) ایکسائز اینڈٹیکسیشن موٹر رجسٹریشن برانچ علی کمپلیکس کرپشن کا گڑھ بن گیا، عملہ ما ہانہ2کروڑ روپے مبینہ طور کمانے لگا، ای ٹی او قر بان علی شاہد، انسپکٹر محمد نوید،ملک ادریس اورایجنٹ مافیاکی بھی موجیں ،سائلین دونوں ہاتھوں سے لٹنے پر مجبور، سمارٹ کارڈگاڑیوں کی ٹرانسفر اور ٹو کن ٹیکس کی رقم کی ادائیگی کے لئے سائلین لمبی لمبی قطاروں میں لگ کرذلیل وخوار ہونے لگے ،سب کچھ جانتے ہوئے بھی ڈی جی اکرام اشرف گوندل نے چپ کا روزہ رکھ لیامذکورہ افسران کے کروڑوں کے اثاثہ جات کے انکشاف پراینٹی کر پشن نے تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق 800سے لے کر1800سی سی تک کی گاڑیوں کی نئی رجسٹریشن اورٹرانسفر کے لئے ٹاؤٹ مافیا نے اپنے ریٹ مقر ر کررکھے ہیں، ٹاؤٹ مافیا مبینہ طور پر عملہ کی ملی بھگت سے ایکسائز اینڈٹیکسیشن موٹر رجسٹریشن برانچ علی کمپلیکس لاہورآنے والے افراد کو لوٹ رہاہے ،سروے رپورٹ کے مطابق گاڑیوں کی نئی رجسٹریشن کے لئے 5ہزار جبکہ گاڑی کی ملکیت ٹرانسفر کے لئے 3ہزار روپے ایجنٹوں نے ریٹ فکس ہیں ،اگر یہ رقم ان ایجنٹوں کو نہ دی جائے تو سارا دن یہاں پر ذلیل وخوار ہونے کے سوا سائلین کو کچھ حاصل نہیں ہوتا ہے اوراگر کوئی شہری پیسے دینے سے انکار کردے تو کئی کئی ماہ تک اسے یہاں خواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اسے قطاروں میں لگا دیا جاتا ہے لیکن اس کے باوجود ان کا کام نہیں ہوتا اور اگلے روز آنے کا وقت دے دیا جاتا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ انہیں درپیش مسائل کے حل اورایجنٹ مافیا کے خلاف کارروائی کوئی نہیں کرتا ہے ،یہاں ایجنٹ مافیا اس قدر مضبوط ہے کہ ان کی مٹھی گرم کئے بغیر لوگ کسی کام کی بھی باآسانی تکمیل نہیں کرواسکتے ہیں اور اگر ان کے ساتھ مک مکا نہیں کیا تو پھر متعلقہ عملہ چکر پر چکر لگواکر ہی شہریوں کو تھکا دیتاہے ،شہریوں کا کہنا تھا کہ اس میں ملوث متعلقہ عملہ اور ایجنٹ مافیا کے خلاف وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کو سخت ایکشن لینا چاہیے اور ایسے کرپٹ عملے کو جو شہریوں کو سہولت دینے کی بجائے ذلیل خوارکرنے کی ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں تاہم ای ٹی او قربان شاہدکا کہنا ہے کہ ایسی انکوائریاں ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں ،یہ ہماری نوکری کے معمول کا حصہ ہیں ۔اس حوالے سے ڈائر یکٹر جنرل اکرام اشرف گوندل کا کہنا ہے کہ عوام کی شکایات ملنے پرایجنٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہیں ،پھر بھی اگر میرے عملے کے کسی فرد کی شکایت ملی تو اس کے خلاف سخت ایکشن لوں گا۔

مزید :

صفحہ آخر -