طالبان کابینظیر قتل کے نامزد ملزموں رفاقت ،حسنین گل کی رہائی کا مطالبہ

طالبان کابینظیر قتل کے نامزد ملزموں رفاقت ،حسنین گل کی رہائی کا مطالبہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (نعیم مصطفےٰ سے)طالبان نے سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے مقدمہ قتل کے مرکزی ملزموں محمد رفاقت اور حسنین گل کی باعزت رہائی کا مطالبہ کردیا ہے۔ محترمہ بے نظیر کی گیارہویں برسی کے موقع پر جب ’’پاکستان ‘‘ نے مقدمہ قتل کے حوالے سے ایک اہم شخصیت سے گفتگو کی اور استفسار کیا کہ سال رواں کے دوران سابق وزیراعظم کے مقدمہ قتل میں کیا ڈویلپمنٹ ہوئی ہے تو ان کا جواب تھا ’’کیس کی باقی تفصیلات تو آپ کے علم میں ہیں تاہم انکشاف انگیز بات یہ ہے کہ طالبان کی طرف سے پاکستان کو واضح پیغام دیا گیا کہ ہر قسم کے مذاکرات کے حوالے سے ہماری بنیادی شرط یہ ہے کہ بے نظیر بھٹو کے قتل کے الزام میں نامزد مرکزی ملزموں محمد رفاقت اور حسنین گل کو نہ صرف باعزت رہا کیا جائے بلکہ عدالت نے ان کی نقل و حرکت پر جو پابندی عائد کی ہے وہ بھی فوری طور پر ختم ہونی چاہیے‘‘۔ واضح رہے کہ انسداد دہشتگردی راولپنڈی کی عدالت نمبر ایک نے رفاقت اور حسنین گل کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے خلاف پاکستان پیپلزپارٹی، راولپنڈی پولیس اور ایف آئی اے نے پہلے ہائیکورٹ اور پھر سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی۔ دوسری جانب ایف آئی اے نے دونوں مذکورہ ملزموں کے خلاف جہلم میں درج دہشتگردی کا ایک اور مقدمہ تلاش کیا اور اس کیس میں بھی ان کی گرفتاری بھی متوقع ہے۔ عدالت عالیہ نے بھی ان دونوں کی ضمانت پر رہائی مشروط بنیادوں پر کی ہے اور حکم دیا گیا ہے کہ وہ شہر یا ملک چھوڑنے سے پہلے باقاعدہ عدالت سے اجازت لیں گے۔ اس بارے میں حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہمارے متعلقہ لوگ طالبان کی اس شرط کا جائزہ لے رہے ہیں تاہم اسے تسلیم یا رد کرنے کا تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔