ایپ کا قیام ایک خاص مقصد کے تحت عمل میں لایا گیا ہے : کامران بنگش

ایپ کا قیام ایک خاص مقصد کے تحت عمل میں لایا گیا ہے : کامران بنگش

  

پشاور (سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش نے کہا ہے کہ کلین اینڈ گرین ٹیکنالوجی ایپ کے قیام سے عوام صاف اور سر سبز پاکستان کے منصوبے میں اپنی شراکت داری کی سر گرمیاں حکومت کو پہنچا سکیں گے کیونکہ اس ایپ کا بنیادی مقصد عوام کو ٹیکنالوجی کے ذریعے اس قومی مہم میں شریک کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا صفائی اورگرین پاکستان کے مہمات میں سر گرمیوں سے حکومت براہ راست معلومات حاصل کر سکے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں کلین اینڈ گرین ٹیکنالوجی ایپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوانے باقاعدہ طور پر کلین اینڈ گرین ٹیکنالوجی ایپ کا افتتاح کیا اور اس منصوبے کو عملی جامعہ پہنانے پر محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی کے متعلقہ حکام اور معاون خصوصی کا مران بنگش کی کارکردگی کو سراہا ۔ تقریب سے سینئر صوبائی وزیر محمد عاطف ، صوبائی وزراء شوکت علی یوسفزئی اور شکیل خان ، ضلع ناظم اور ضلع نائب ناظم پشاور، متعدد انتظامی سیکرٹریز، بلدیاتی اداروں اور سائنس و ٹیکنالوجی کے حکام اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ منعقد ہ تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی کامران بنگش کا کہنا تھا کہ مذکورہ ایپ کا قیام ایک خاص مقصد کے تحت عمل میں لایا گیاہے تاکہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے کلین اینڈ گرین منصوبے میں عوامی شراکت داری کو یقینی بنایا جا سکے اور عوامی سر گرمیاں حکومت تک پہنچ سکیں ۔ اس ایپ کے ذریعے عوام اس مہم میں اپنی سر انجام دینے والی خدمات ویڈیوز اور تصاویر کی شکل میں اپلوڈ کر سکیں گے جس سے حکومت کو عوامی شراکت داری کا پتہ چلے گا اور بہترین کارکردگی دکھانے والے افراد کی حکومت کی جانب سے حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -