مردان میں واپڈٖا کے نادہند گان کو یقایا جات کی ادائیگی کیلئے 15دنوں کی مہلت
پشاور (سٹاف رپورٹر)کمشنر مردان ڈویژن عبدالغفور بیگ نے ڈویژنل سطح کے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ انکے ذمہ واپڈا کے جتنے بھی بقایا جات ہیں ، 15دن کے اند ر اندر جمع کریں ، بصورت دیگر انکے خلاف محکمانہ کاروائی زیر غور لائی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر باعث افسوس ہے کہ بعض محکموں کے پاس بقایا جات کی ادائیگی کے لئے خاطر خواہ رقو م موجود ہیں لیکن انکے افسران واپڈا کو مذکورہ رقوم کی ادائیگی میں تساہل کا مظاہرہ کررہے ہیں ، جو ایک قابل مذمت طرز عمل ہے ، جسے کسی طور برداشت نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ واپڈا واجبات کی وصولی کے ضمن میں پہلے سے ہی خسارے میں جارہا ہے اور بجلی چوری کا رجحان اسکے علاوہ ہے جو واپڈا کے لئے ایک تکلیف دہ امر ہے ۔ لہٰذا ضلعی انتظامیہ بقایاجات کی ادائیگی کے ضمن میں واپڈا سے بھر پور تعاون کریگی اور سست روی سے کام کرنے والوں کے خلاف محکمانہ کاروائی کا آغاز کیاجائیگا۔