پیپلزپارٹی عدم برداشت کے شکار ذہنی بیماروں کا مقابلہ کرے گی،زرداری
اسلام آباد(آئی این پی ) سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے سربراہ آصف علی زرداری نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے یوم شہادت کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کی تجدید کی ہے کہ آئین، جمہوریت اور انسانی آزادی کے لیئے ان کے فلسفہ پر عمل کرتے رہیں گے، اپنے پیغام میں آصف علی زرداری نے کہا کہ کہ شدت پسندی اور دہشت گردی کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا پاکستان پیپلز پارٹی محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے فلسفہ کے مطابق صبر اور برادشت پر ثابت قدم رہتے ہوئے عدم برداشت کے شکار ذہنی بیماروں کا مقابلہ کرے گی۔سابق صدر نے کہا کہ خود مختار اور بااختیار پارلیمان کے اصول پر ثابت قدمی کے ساتھ ان عناصر کا مقابلہ کرتے رہیں گے جو پارلیمان کو کمزور کرنے کے لیئے کوشاں رہتے ہیں۔پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کمزور طبقات کے حقوق کا تحفظ کرتی رہے گی۔
زرداری