کوہاٹ میں عوامی مسائل کے حل کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد

کوہاٹ میں عوامی مسائل کے حل کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد

  

پشاور (سٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود کی خصوصی ہدایت پر ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرصنوبر شاہ نے عوامی مسائل و شکایات کے ازالے کیلئے علی زئی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا ۔کھلی کچہری میں ایس ایچ او تھانہ استرزئی انسپکٹر آصف محمود ،مقامی بلدیاتی نمائندوں،پبلک لیزان کونسل کے ا راکین،عمائدین علاقہ اورمختلف دیہاتوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ کھلی کچہری کے اغراض ومقاصد بیان کرتے ہوئے ڈی ایس پی صنوبر شاہ نے کہا کہ پولیس اور عوام کے مابین فاصلے ختم کرکے عوام کے مسائل و شکایات کاازالہ کرنے کیلئے ڈی پی اوکوہاٹ کے وضع کردہ وژن کے تحت ضلع کوہاٹ میں پولیس کی جانب سے کھلی کچہریوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل اپنا فرض اولین سمجھ کر علاقے میں جرائم کے خاتمے اور قیام امن کیلئے کوشاں ہیں تاہم اس سلسلے میں عوام کو بھی پولیس کے ہاتھ مضبوط کرکے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ڈی ایس پی کا کہنا تھا کہ جرائم سے پاک پرامن معاشرے کی تشکیل ،علاقائی امن کا فروغ اور عوامی مسائل کا دیر پاحل اکیلے پولیس کے بس کی بات نہیں بلکہ اس سلسلے میں عوام کا مربوط تعاون درکار ہوتا ہے ۔ کھلی کچہری میں پولیس عوام کی باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اورکھلی کچہری میں علاقائی مسائل و عوامی شکایات کھل کر بیان کرنے کے حوالے سے ڈی ایس پی کی پیش کش پر شرکاء نے اجتماعی وانفرادی مسائل انکے سامنے رکھے ۔علاقہ عمائدین نے مقامی پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تھانے کی پولیس نفری میں اضافے کا مطالبہ کیا اور ساتھ ہی منشیات،قمار بازی،ہوائی فائرنگ اور دیگر معاشرتی جرائم کے انسداد کے حوالے سے مقامی پولیس کیساتھ بھر پور تعاون کا عزم دہرایا۔کھلی کچہری کے شرکاء کی طرف سے سامنے آنیوالے مسائل اور جرائم سے متعلق عوامی نشاندہی کا خیر مقدم کرتے ہوئے ڈی ایس پی صنوبر شاہ نے انہیں علاقائی مسائل اور شکایات کے فوری ازالے کی یقین دہانی کرائی۔کھلی کچہری کے شرکاء نے عوام کو ٹریفک کی مد میں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے اور پولیس تھانوں کو عوامی فلاحی و اصلاحی مراکز میں تبدیل کرنے کے حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن(ر)واحد محمود کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے جرائم کی بیخ کنی اور قیام امن میں پولیس کے پیشہ ورانہ کردار کو سراہا اور ہر معاملے میں پولیس کے شانہ بشانہ کردار ادا کرنے کے عزم کااعادہ کیا۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -