فروری کے مہینے سے ایلمنٹری اینڈسیکنڈری ایجوکیشن اورزلمی فاؤنڈیشن کرکٹ لیگ فیزII منعقد ہوں گے

فروری کے مہینے سے ایلمنٹری اینڈسیکنڈری ایجوکیشن اورزلمی فاؤنڈیشن کرکٹ لیگ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور (سٹاف رپورٹر) خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کے مشیربرائے تعلیم ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاہے کہ فروری کے مہینے سے ایلمنٹری اینڈسیکنڈری ایجوکیشن اورزلمی فاؤنڈیشن کے مابین شراکت سے ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اورزلمی فاؤنڈیشن کرکٹ لیگ ٹورنامنٹ کھیلاجائیگا جس میں ڈویژنل سطح پر سات ٹیموں کا انتخاب کیاجاچکاہے جبکہ سابقہ لیگ کی فاتح ٹیم اور نئے ضم شدہ اضلاع سے بھی دو ٹیموں کو نمائندگی دی جائیگی جس سے ٹورنامنٹ میں کل10 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ انہوں نے کہاکہ ان تمام 10ٹیموں میں سرکاری سکولوں کے کھلاڑی شامل ہوں گے جن کو زلمی فاؤنڈیشن اورایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے کوچ، منیجر ، سپورٹس کٹ، ٹریننگ ، ٹرانسپورٹ، خوراک اورخوراک و رہائش کی تمام تر سہولیات دی جائیں گی اور ان کو قومی اور بین الاقوامی سطح کے مقابلوں کیلئے تیارجائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایلمنٹری اینڈسیکنڈری ایجوکیشن اورزلمی فاؤنڈیشن سکول کرکٹ لیگ فیز II کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈاکٹراجمل ، ایڈیشل سیکرٹری عرفان اور زلمی فاؤنڈیشن کے عہدیدار موجود تھے۔ ضیاء اللہ بنگش نے کہاکہ محکمہ تعلیم وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق سرکاری سکولوں کے طلباء کیلئے سالانہ کیلنڈر میں سپورٹس میں بھی اضافہ کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں میں سپورٹس اورگیمز میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں اور موجودہ صوبائی حکومت ان کو تمام وسائل اورمواقع فراہم کرے گی تاکہ وہ آگے جاکر ملک اور قوم کا نام روشن کرسکیں۔ مشیر تعلیم نے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے عہدیداروں کو ہدایات جاری کیں کہ تمام کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور ٹیم منیجر ان کی بھرپور راہنمائی کریں۔ ضیاء اللہ بنگش نے کہاکہ اس ٹورنامنٹ میں نئے ضم شدہ اضلاع کو بھی بھر پور شرکت دی گئی ہے تاکہ وہاں پربھی تعلیم کی بہتری کیساتھ ساتھ سپورٹس کو پذیرائی مل سکیں۔ انہوں نے کہاکہ پچھلے سال ہونیوالے کرکٹ لیگ سے اچھے اچھے کھلاڑی سامنے آئے تھے جو کہ اب بہترین جگہوں پرکھیل رہے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ اس سال ہونیوالے اس ٹورنامنٹ میں بھی اچھے کھلاڑی سامنے آئیں گے۔ مشیرتعلیم نے کہاکہ ہمارا بنیادی مقصد اس ٹورنامنٹ کے انعقاد کایہ ہے کہ ہم گراس روٹ لیول پرکھلاڑیوں کو تیارکرسکیں ان کو مواقع فراہم کرسکیں تاکہ ہم کرکٹ کے موجودہ ٹیلنٹ سے فوائد حاصل کرسکیں۔