روسی سفیر کی آرمی چیف سے ملاقات، روسی کوہ پیما کی جان بچانے پر آرمی چیف سمیت 10 افسروں اور 2 جوانوں کو اعزازات سے نوازا
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے روس کے سفیر الیکسی یوری نے ملاقات کی اور انہیں رشین مانیٹرنگ فیڈریشن کی طرف سے میڈل اور سرٹیفکیٹ پیش کرنے کے علاوہ پاک فوج کے 10 افسروں اور 2 جوانوں کو اعزازات سے بھی نوازا۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبے (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ روس کے سفیر الیکسی یوری نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی جس دوران خطے کی سیکیورٹی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
روسی سفیر نے روسی کوہ پیما الیگزینڈر گوکوﺅ کو بچانے کے اعتراف میں پاک فوج کے 10 افسروں اور 2 جوانوں کوآرڈر آف فرینڈشپ، میڈل فار کرج اور میڈل فار کامن ویلتھ کے اعزازات سے نوازا۔ روسی سفیر نے آرمی چیف کو بھی رشین مانیٹرنگ فیڈریشن کی طرف سے میڈیکل اور سرٹیفکیٹ پیش کیا۔
الیگزینڈر گوکوﺅ کو رواں سال جولائی میں بیافو گلیشیر سے 20 ہزار فٹ کی بلندی سے بچایا گیا تھا اور پاک فوج کے سرچ اینڈ ریسکیو مشن نے 6 دن کی کوششوں کے بعد الیگزینڈر کی جان بچائی تھی۔