”انہیں سوائے ٹی وی پر بکواس کرنے کے کچھ نہیں آتا ،امداد کے باوجود ان سے ملک نہیں چل رہا“آصف علی زرداری حکومت پر برس پڑے
نوڈیرو (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حال ہی میں لاڈلے کے پھٹے ہوئے ڈھولوں نے پھر للکارا ہے،میں ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہم ان کے بنائے ہوئے ہتھکنڈوں سے نہیں ڈرتے،یہ جتنے بھی ہیں سب کا پیپلز پارٹی اکیلے سامنا کرے گی،ہم جمہوری طریقے سے مقابلہ کر کے دوبارہ الیکشن جیتیں گے ،باپ بیٹے دونوں کھڑے ہیں جس طریقے سے کہیں گے ہم ان کامقابلہ کریں گےاور دوبارہ حکومت لیں گے،امداد کے باوجود ان سے ملک چلا یا نہیں جا سکا ،یہ حکومت نہیں چل سکتی،جنہیں کام کرنا آتا ہے وہ پہلے سو دن میں بھی کام کرتے ہیں۔
گڑھی خدا بخش میں بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ہم سب بھٹو ہیں، ہم سب لڑنے کو تیار ہیں، یہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے، میں یہ سب انہیں بتاتا ہوں لیکن وہ دیکھ سکتے ہیں نہ سن سکتے ہیں اور نہ ہی وہ بول سکتے ہیں، ان کے پاس کوئی سوچ اور سمجھ نہیں، ان سب کا مقابلہ کریں گے، جہاں یہ آئیں گے وہاں ہم مقابلہ کریں گے،جہاں تک بلاول کا سوال ہے وہ بینظیر بھٹو اور میرا بیٹا ہے،اس کو تم کیا ڈراؤ گے اور کیا کرو گے؟یہ جتنے بھی ہیں ان سب کا پیپلز پارٹی اکیلے ہی مقابلہ کرے گی،جہاں سے یہ شروع کریں گے وہاں ہم ختم کریں گے، دونوں باپ بیٹا اورمیری پوری پارٹی کھڑی ہے،جیسا یہ مقابلہ کریں گے انہیں ویسا ہی جواب دیں گے، کسی اور جماعت میں ان کا مقابلہ کرنے کی ہمت نہیں لیکن ہمارے جیالوں میں یہ ہمت ہے کہ ہم ان کا مقابلہ کریں۔آصف علی زرداری نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے 100 روز میں دیا کیا ہے؟ ہم نے 100 روز میں بی بی کارڈ دیا، گندم کی قیمتیں بڑھائیں، 73 کے آئین پر کام کیا اور پرویز مشرف کو صدارت سے باہر نکال دیا تھا،انہیں کام کرنا نہیں آتا ،سو دن میں انہوں نے کچھ نہیں کیا اور کہتے ہیں کہ سو دن میں کچھ نہیں ہو سکتا ،جنہیں کام کرنا آتا ہے وہ پہلے سو دن میں بھی کام کرتے ہیں ۔سابق صدر نے کہا کہ انہیں سوائے ٹی وی پر بکواس کرنے کے کچھ نہیں آتا ،ہم ان کے ہتھکنڈوں سے نہیں ڈرتے ،ان کا پہلے بھی مقابلہ کیا اور اب بھی کریں گے ،میرے جیالوں کی اتنی ہمت ہے کہ ہم ان کا مقابلہ کریں ۔ان کاکہنا تھاکہ اس حکومت کو دنیا کے دوستوں سے بڑی مدد ملی ،امداد کے باوجود ان سے ملک چلا یا نہیں جا سکا ،یہ حکومت نہیں چل سکتی ،یہ پاکستان کو نہیں چلاسکتے اور معیشت کو بھی نہیں سنبھال سکتے،ہم ان سے مقابلہ کریں گے اور جمہوری طریقوں سے مقابلہ کرتے ہوئے ٹھپہ مار کر دوبارہ الیکشن جیتیں گے اور انہیں جواب دیں گے۔