ہماری جدوجہد غریب عوام اور جمہوریت کے لئے ہے،کسی جابر اور ظالم کے سامنے نہیں جھکیں گے:سید قائم علی شاہ

ہماری جدوجہد غریب عوام اور جمہوریت کے لئے ہے،کسی جابر اور ظالم کے سامنے نہیں ...
ہماری جدوجہد غریب عوام اور جمہوریت کے لئے ہے،کسی جابر اور ظالم کے سامنے نہیں جھکیں گے:سید قائم علی شاہ

  

گڑھی خدا بخش(ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق وزیر اعلیٰ سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ شہید بے نظیر بھٹو کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے لاکھوں لوگ جمع ہیں،ہماری جدوجہد ملک کے غریب عوام اور جمہوریت کے لئے ہے،ہم کسی جابر اور ظالم کے سامنے نہیں جھکیں گے۔

گڑھی خدا بخش میں شہید بے نظیر بھٹو کی 11ویں برسی کے موقع پر بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ سندھ اور پیپلز پارٹی کے سینئر ترین رہنما سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ دنیا کچھ بھی کہے یہ جلسہ تاریخی ہے،ایسے لگ رہا ہے کہ بے نظیر بھٹو آج شہید ہوئی ہیں ،ہم نے پہلے بھی سخت ترین حالات کا سامنا کیا ہے ،بے نظیر بھٹو کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی ،آمر جنرل ضیا الحق کے سامنے بھی کارکنوں نے میدان نہیں چھوڑا اور تختہ دار پر جھول گئے ،پیپلز پارٹی کے کارکن آج بھی اپنے مشن اور کاز کے لئے ڈٹے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو  نے ضیا الحق کے خلاف جب سخت مارشل لا  تھا تو بھٹو شہید  نے بی بی کو کہا تھا کہ کبھی بھی ضیا الحق کو درخواست نہیں دینا ،میرا کوئی کارکن بھی ضیا الحق کو کبھی درخواست نہ دے ،یہ آدمی ظالم اور جابر ہے اس کے سامنے میں کیا میرا کوئی کارکن بھی نہیں جھکے گا ۔انہوں  نے کہا کہ ضیا الحق کے خلاف ہمارے کئی بڑے بڑے لیڈر گھر بیٹھ گئے یا بھاگ گئے لیکن کارکن نہ بھاگے اور نہ ہی گھر بیٹھے،کارکن نعرے لگاتے ہوئے تختہ دار پر لٹک گئے ۔سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہماری جدوجہد ملک کے غریب عوام اور جمہوریت کے لئے ،ہم کسی جابر اور ظالم کے سامنے اپنے قائدین کی روایت کو زندہ رکھتے ہوئے نہیں جھکیں گے ۔

مزید :

قومی -علاقائی -سندھ -لاڑکانہ -