صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر کی ملاقات، بھارتی فوج کی سیز فائرخلاف ورزی کی شدید مذمت
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر نے بھارتی فوج کی سیز فائرخلاف ورزی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج شہری آبادی کو نشانہ بنارہی ہے، بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کی صدر آزاد کشمیر مسعود خان اور وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر نے شدید مذمت کی ہے۔ فاروق حیدر نے کہا کہ بھارت ایل او سی کی سول آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کررہا ہے، بھارتی فائرنگ سے شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، پاک فوج نے دفاع وطن کیلئے غیر معمولی قربانیاں دی ہیں،شہید صوبیدار،سپاہی احسان کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہیں، بھارتی فوج شہری آبادی کو نشانہ بنارہی ہے، پاک فوج کے بھرپور جواب نے بھارت بندوقوں کو خاموش کرادیا، کنٹرول لائن پر بسنے والے شہریوں کے حوصلے بلند ہیں۔اس موقع پر سردار مسعود خان نے کہا کہ علی گیلانی سمیت تمام حریت قائدین کی جدوجہد کو سلام پیش کرتا ہوں، کشمیری گزشتہ 72سال سے ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں،5اگست کے بعد بھارت نے کھل کر ظلم کرناشروع کردیا ہے،ہندوستان کے طول وعرض میں مظاہرے ہورہے ہیں، آج بھارت کا اپنا وجود خطرے سے دوچار ہوگیا ہے، بھارتی اقدامات کے خلاف کشمیری مزاحمت جاری رکھیں گے۔