ضلع بھر کے تفر یحی پارکس میں تعمیر ی کام جلد مکمل کیا جائیگا، محمد عاطف خان

ضلع بھر کے تفر یحی پارکس میں تعمیر ی کام جلد مکمل کیا جائیگا، محمد عاطف خان

  



مردان(بیورورپورٹ) سینئر صوبائی وزیر برائے سیاحت، کھیل و ثقافت محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ ضلع بھر کے تفریحی پارکس پر تعمیری کام جلد مکمل ہوگا۔ جسمیں میگا پارک، لائیو سٹاک پارک اور خواتین کیلئے فیملی پارک شامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان کے مختلف زیر تعمیر تفریحی پارکوں کے دورہ کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد عابد خان وزیر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس نیک محمد خان، ایم پی اے عبد السلام آفریدی، ٹی ایم او نثار خان اور دیگر محکموں کے افسران موجود تھے۔ سینئر صوبائی وزیر کے ان منصوبوں کے بارے میں متعلقہ محکموں کے افسران نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 330کنال اراضی میں واقع میگا پارک کی تعمیر 40کروڑ روپے، 22کنال اراضی پر محیط لائیو سٹاک پارک پر 1کروڑ روپے اور فیملی پارک پر 80لاکھ روپے لاگت آئیگی، ان تمام منصوبوں کا تعمیراتی کام جلد مکمل کیا جائیگا، سینئر صوبائی وزیر نے متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ ان تمام منصوبوں کی تکمیل میں معیار کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ یہاں کے شہریوں کو تفریح کے بہترین مواقع میسر آسکیں۔ کیونکہ اس ضمن میں مردان کے عوام کو نظر انداز کیا گیا تھا، لیکن تحریک انصاف کی صوبائی حکومت صحت وتعلیم کیساتھ ساتھ سیر و تفریح پر بھی کثیر رقم خرچ کررہی ہے اور عنقریب ان منصوبوں کا افتتاح ہوگا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...