پولیس نے پی ڈی اے حکام کے تعاون سے کھلے مین ہول بند کردیئے
پشاور(کرا ئمز رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس نے پی ڈی اے حکام کے تعاون سے جی ٹی روڈ پر کھلے مین ہول بند کردیئے جس سے ٹریفک کا نظام بہتر ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق قائمقام ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے شہر کے مختلف اہم شاہراہوں کا دورہ کیا اس موقع پر ایس پی سٹی ٹریفک سجاد احمد صاحبزادہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے عوام سے ٹریفک مسائل کے بارے میں پوچھ گچھ کی شہریوں اور تاجروں نے جی ٹی روڈ پر مین ہول بند کرنے اپیل کی اور کہا کہ کھلے مین ہول کے باعث ٹریفک حادثات رونماء ہونے سمیت اکثر ٹریفک جام ہوتا ہے اور لوگوں کو شدید مشکلات درپیش آتی ہیں جس پر ایس پی سٹی ٹریفک سجاد احمد صاحبزادہ نے پی ڈی اے حکام سے رابطہ کیا اور ٹریفک پولیس کی نگرانی میں جی ٹی روڈ پر کھلے مین ہول بند کردیئے جس پر شہریوں اور تاجروں نے خوشی کا اظہار کیا اور سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے حکام کا شکریہ ادا کیا۔