شفاء الملک حکیم محمد حسن قرشی ؒ ایک عظیم شخصیت

Dec 27, 2019

عاشق رسول ؐ، شمع اسلام کے پروانے، بلند پایہ عالم اور حاذق طبیب

تحریر وتحقیق: پروفیسرحکیم
سید عمران فیاض (گولڈ میڈلسٹ)
0300-4395374
سیکرٹری انفارمیشن پاکستان طبی کانفرنس
شفاء الملک حکیم محمد حسن قرشی ؒ ایک عظیم نابغہ روزگار شخصیت تھے۔ آپ ایک بلند پایہ عالم، عاشقِ رسول ؐ، شمع اسلام کے پروانے اور دنیائے طب کے نیر درخشاں بھی تھے۔ جن کی مسیحائی نے ان گنت مریضوں کو خدائے ذوالجلال کی رضا سے صحت کاملہ سے بہرہ ور کیا۔ شفاء الملک ایک سچے مسلمان اور تحریک عالم اسلام کے بہت بڑے داعی تھے۔ وہ اپنی ذات میں انجمن ہونے کے ساتھ ساتھ معاشرے کے انفرادی اور اجتماعی مسائل پر بھی گہری نظر رکھتے تھے عوامی مسئلہ صحت کو درپیش مشکلات، مصائب و الائم کے ازالہ کی خاطر آپ نے طبی تحقیق اور علم طب کے فروغ کو اپنی زندگی کا عظیم مقصد بنا لیا۔ شفاء الملک حکیم محمد حسن قرشی ؒ کارناموں نے انہیں عظیم بنا دیا اعلیٰ قدروں کے لیے ان کی قربانیوں نے انہیں محبوبیت کی مسند پر تاحیات جلوہ افروز کر دیا۔ ان کی زندگی سے عزم، جدوجہد، ایثار اور خلوص کا انمٹ درس ملتا ہے۔
درد مندوں کو نوید سر خوشی تجھ سے ملی
غم کے ماروں کو دوائے زندگی تجھ سے ملی
جب تلک موجود ہے شام و سحر کا یہ نظام
جاوداں تاریخ حکمت میں رہے گا تیرا نام
شفاء الملک حکیم محمد حسن قرشی ؒ 27دسمبر1896؁ء کو قاضی فضل الدین کے ہاں گجرات شہر میں پیدا ہوئے۔ آپ نے ابتدائی تعلیم گجرات سے حاصل کی۔ بعد ازاں 1911؁ء میں ایف اے اسلامیہ کالج لاہور کیا۔ آ پ فارغ التحصیل درس نظامی کے ساتھ ساتھ ادیب فاضل، منشی فاضل اور عربی فاضل بھی تھے۔ آپ طبیہ کالج بمبئی کے پرنسپل کے ساتھ ساتھ 26سال تک طیبہ کالج لاہور کے پرنسپل بھی رہے۔ آپ کی ازواجی زندگی کا آغاز1922؁ء میں محترمہ بلقیس بیگم گجرات میں ہوا۔ آپ کے 4بیٹے اور 3بیٹیاں جن میں 1۔ آفتاب احمد قرشی 2۔حکیم ریاض احمد قرشی 3۔ثریا بی بی 4۔ خالدہ بی بی 5۔ حکیم سعید قرشی 6۔ساجدہ بی بی اور حکیم اقبال احمد قرشی شامل تھے۔
ہزاروں سال نرگس اپنی بے نوری پہ روتی رہی
بڑی مشکل سے ہوتا ہے چمن میں دیدہ ور پیدا
انبیاء کرام اور اولیا ء عظام کی زندگیاں ہم سب کے لیے مشعل راہ ہوتی ہیں۔ اگر ہم ان کی زندگی کا بغور مطالعہ کریں تو یہ بات اظہر من الشمس ہے کہ یہ ہستیاں دو سروں کے حقوق اور جذبات میں بہت حساس ہوتی ہیں۔ انہیں اپنی زندگی کے ہر گذرے ہوئے پل اور ہر لمحہ یہ فکر لاحق رہتی ہے کہ ان کے کسی قول و فعل سے کسی کو کوئی دکھ یا تکلیف نہ ہو اور کسی سے بھی ان کی ذات سے کوئی زیادتی نہ ہو۔ شفاء الملک حکیم محمد حسن قرشی ؒ ولایت کے بڑے اعلیٰ درجہ پر فائز تھے اور عاجزو انکساری کا عملی نمونہ تھے۔ وہ پابند صوم و صلاۃ تھے۔ زھد و تقویٰ اور توکل ان کا سرمایہ حیات تھا وہ نسلی ونسبی عصبیت کے مظاہرہ کو گناہ سمجھتے تھے۔ انہوں نے مسیح الملک حکیم محمد اجمل خانؒ کا مشفقانہ اعتماد حاصل کیا تھا۔ شفاء الملک اول و آخر ایمان ہونے پر یقین رکھتے تھے۔ آپ اپنی عزت و نفس اور قومی حمیت کے جذبے سے انگریز حکمرانوں سے نبردآزما رہے۔ شفاء الملک ؒ کو حکیم الامت ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ؒ شاعر مشرق کے معتمد اور معالج خصوصی ہونے کا شرف حاصل تھا۔ وہ اپنے علم و حکمت اور حسن سلوک کے لحاظ سے منفرد خصوصیت کے حامل انسان تھے۔ وہ علاج معالجہ میں اپنی کم گوئی سے اعجاز مسیحائی سے منفرد انسان تھے۔ شفا ء الملک ؒ کامل طبیب، ادیب اور خطیب ہونے کے ساتھ ساتھ ماہر نفسیات، صاحب تصنیفات اور محسن طب بھی تھے۔
گو سُخن ہائے گفتنی تھے بہت
لکھنے بیٹھے تو مختصر نکلے
شفاء الملک حکیم محمد حسن قرشی ؒ کے افکار و فرمودات سب کے لیے مشعل راہ ہیں۔ آپ معالج کی خصوصیات کے حوالے سے فرماتے ہیں کہ وہ اپنے فن میں کلی مہارت رکھتا ہو۔ وہ مردم شناس اور خدا کی خوشنودی اور خدمت انسانیت کو مقدم خیال کرتا ہو اس کے ساتھ ساتھ وہ متقی ہو، پرہیز گار اور صالح مندہو، ارکان دین کا پابند بھی ہو اور مطالعہ کا شائق ہو، قدیم و جدید معلومات پر گہری نظر رکھتا ہو اور اس کی گفتگو کا انداز نرم ہو۔
کون ہوتا ہے حریف مے مرد افگن عشق
ہے مکر ر لب ساقی پہ ملا میرے بعد
شفاء الملک حکیم محمد حسن قرشی ؒ کو نہ صرف وطن عزیز بلکہ پوری دنیا میں انتہائی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ وہ اپنی ہمہ گیر افتاد طبعیت اور رحمدلی کی بدولت علمی، ادبی، ملی اور طبی حلقوں میں اعلیٰ و ارفع مقام رکھتے تھے۔ شفاء الملک ؒ نے شعبہ طب کی اس طرح سے آبیار ی کی کہ اسے اپنے خون جگر سے پروان چڑھایا اور وہ ایک نخل تناور کی صورت اختیارکر گیا۔
بجا کہے جسے دنیا اسے بجا سمجھو
زبان خلق کو نقارہ خدا سمجھو
میدان طب میں مسیح الملک حافظ حیم اجمل خان ؒ نے جن نیک آرزووں کے ساتھ آپ کو اپنا جانشین مقرر کیا آپ نے اپنی علمی قابلیت، فنی مہارت اورحذاقت سے ثابت کر دیا کہ وہ اجمل ثانی ہیں۔ آپ طبی دنیا میں ایک نامور محقق، بلند مرتبت استاد، بے مثل معالج اور عظیم طبی قائد کی حیثیت سے زندہ جاوید ہوئے۔
شفاء الملک حکیم محمد حسن قرشی ؒ مسیح الملک حکیم حافظ اجمل خان ؒ کی تاسیس کردہ جماعت پاکستان طبی کانفرنس کے صدر بھی رہے۔ آپ نے طب اور اطباء کی فلاح وبہبود کے لیے پاکستان طبی کانفرنس کے پلیٹ فارم سے بہت سے کارہائے نمایاں سر انجام دیئے۔
شفاء الملک حکیم محمد حسن قرشی ؒ کے بارے میں اگر یہ کہا جائے کہ ایسی پہلو دار شخصیت روز روز پیدا نہیں ہوتی تو یہ غلط نہ ہو گا۔ کیونکہ فطرت ایسی شخصیت کومنصہ شہو د میں اس وقت لاتی ہے جب ان سے کوئی اہم کام لینا ہو ان کی صلاحیتں پنپ کر اقدار انسانیت کی پیش رفعت کا وسیلہ بنتی تھیں۔ شفاء الملک حکیم محمد حسن قرشی ؒ نے انسانوں کی بھرپور خدمت کر کے اپنی زندگی کو ان کے لئے سایہ رحمت و راحت بنایا۔
سب کہاں کچھ لالہ گل میں نمایاں ہو گئیں
خاک میں کیا صورتیں ہونگی کہ پنہاں ہو گئیں
شفاء الملک حکیم محمد حسن قرشی ؒ محسن طب تھے انہوں نے طب اسلامی کی ترقی کے لئے جس قدر محنت کی وہ اظہر من الشمس ہے آج طب کو جو مقام حاصل ہے وہ انہی کی بدولت ہے۔ شفاء الملک حکیم محمد حسن قرشی ؒ اور ان کے معتمد ساتھیوں نے طب و اطباء کے لئے جو خدمات سر انجام دیں اور روز روشن کی طرح عیاں ہیں۔ طبی تاریخ میں خاندان قرشی کا نام سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔
بچھڑا کچھ اس ادا سے کہ رت ہی بدل گئی
اک شخص سارے شہر کو ویران کر گیا
شفاء الملک حکیم محمد حسن قرشی ؒ 6 دسمبر1974؁ء کو رحلت فرما گئے ان کی طبی ترویج و ترقی کے لیے کی جانے والی انمٹ خدمات نا قابل فراموش تھیں۔ وہ ایک عہد آفرین شخصیت کے حامل انسان تھے۔ جنہیں رہتی دنیا تک بھلایا نہ جائے گا۔ شفاء الملک حکیم محمد حسن قرشی ؒ کے سپوت حکیم اقبال احمد قرشی موجودہ صدر پاکستن طبی کانفرنس نے اپنے والد محترم کے مشن کو پوری آب و تاب کے ساتھ جاری و ساری رکھا ہوا ہے۔ وہ ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دن رات طب و اطباء کے لیے سرگرم عمل تھے۔ جناب اقبال احمد قرشی نے قرشی انڈسٹریز کا قیام عمل میں لایا جو کہ اس وقت وطن عزیز میں ہی نہیں بلکہ غیر ملکی سطح پر بھی ترقی کی منازل طے کر رہے ہے اور قرشی تحقیق کی بنیاد پر قدرتی مصنوعات تیار کرنے والا ملکی کا سب بڑا ادارہ ہے جس کی 300سے زائد عالمی معیار کی ادویات ملکی و غیر ملکی مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔ قرشی انڈسٹری کو یہ اعزاز حاصل ہے سارک، وسطی ایشیاء اور افریقہ میں واحد ادارہ ہے جس نے یکے بعد دیگرے 6بین الاقوامی اسناد و اعزازات حاصل کیے۔ قرشی انڈسٹریز حطار84ایکر رقبہ پر واقع 5پیداوای یونٹس، ہربل گارڈنزبین القوامی معیار کی ریسرچ لیبارٹری(QRI) جو کہ ان کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
شفاء الملک حکیم محمد حسن قرشی ؒ ایک پاکباز، محب الوطن اور درد دل رکھنے والے انسان تھے ان کی تمام زندگی علم و حکمت کی آبیاری، اطباء کی فلاح و بہبود اور انسانیت کی خدمت میں گذاری اور ان کا شمار بر صغیر کی نامور علمی، فنی، ادبی اور طبی شخصیات میں ہوتا ہے۔ شفاء الملک حکیم محمد حسن قرشی ؒ کے چشم و چراغ اور مرکزی صدر پاکستان طبی کانفرنس حکیم اقبال احمد قرشی کی ضہم و فراست اور عمدہ سوچ کی بدولت طب و اطباء ترقی و کامرانی کی منازل طے کرنے میں دن دگنی رات چوگنی ترقی کر ہے ہیں۔

مزیدخبریں