تعلیمی وظائف پروگرام خوش آئند، ہونہار طلبہ ملکی ترقی میں بھر پور کردار ادا کرسکیں گے: صدر مملکت

      تعلیمی وظائف پروگرام خوش آئند، ہونہار طلبہ ملکی ترقی میں بھر پور کردار ...

  



  اسلام آباد (آئی این پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ہر سال50 ہزار طلبہ و طالبات  کیلئے  تعلیمی وظائف کا پروگرام  لانا خوش آئند ہے۔ تعلیمی وظائف سے قابل اور ہونہار طلبا ء ملکی ترقی میں اپنا کردار بھر پور طریقے سے ادا کر سکیں گے جبکہ 50 فیصد خواتین کو وظائف فراہم کرنے سے ہمارے معاشرے کی سب سے زیادہ نظر انداز حصے کو آگے لانے میں مددملے گی۔ خواتین کا خاندان کی تربیت سازی میں اہم کردار ہوتا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گزشتہ روز ہائیر ایجوکیشن کمیشن میں احساس انڈر گریجویٹ  پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زمانہ طالب علمی میں قابلیت کی بنیاد پر تعلیمی وظائف حاصل کر چکا ہوں اور پہلی ماسٹر ڈگری تعلیمی وظائف کے ذریعے مکمل کی۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے طلباء کیلئے ایسے وظائف لانا انتہائی اہم قدم ہے۔ ہمارا فرض ہے کہ ہم ا پنی آنی والی نسلوں کو تعلیم کے زیور سے روشناس کریں تاکہ وہ آنے والے دور کی مطابق اپنے فیلڈز میں کام کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلباء پاکستان کا اثاثہ ہیں اور ہم نے ان کی رہنمائی کرنی ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ملک میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کی تعلیم کو بھی مزید فروغ دینی اشد ضروری ہے کیونکہ خاندانوں کی تربیت میں پڑھی لکھی خواتین کا بنیادی کردار ہوتا ہے۔ خواتین کی تعلیم سے ملکی ترقی کے ساتھ ہمارے معاشرتی ترقی کو بھی پروان چڑھے گا۔ ملک کی نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہے ہمیں ان کو زیادہ سے زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیمی وظائف کے اجراء میں شفافیت کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا تاکہ مستحق طلباء کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے۔ اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی و چیئرپرسن احساس پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر سال 50 ہزار طلباء کو تعلیمی وظائف دینے کا پروگرام رکھتی ہے اور یہ اب تک کا سب سے بڑا تعلیمی وظائف پروگرام ہے جبکہ پروگرام کا مقصد ہونہار طلباء کو اعلیٰ تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے مزید کہا کہ احساس پروگرام کے تحت134 مختلف اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ 

صدر مملکت

مزید : صفحہ آخر


loading...