کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ، نائب صوبیدار سمیت 2جوان شہید، جوابی کارروائی میں دشمن کی چوکی تباہ صوبیدار سمیت 3فوجی مارے گئے 

کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ، نائب صوبیدار سمیت 2جوان شہید، جوابی کارروائی ...

  



راولپنڈی (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں)لائن آف کنٹرول  پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے، پاکستان کی بھرپور جوابی کارروائی میں 3 بھارتی فوجیوں مارے گئے، کئی زخمی ہوئے۔ جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں بتایا کہ گذشتہ 36 گھنٹوں کے دوران بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی متعدد بار خلاف ورزیاں کیں۔ترجمان کے مطابق حاجی پیر سیکٹر میں پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں ایک صوبیدار سمیت 3 بھارتی فوجیوں کو ہلاک کردیا،اس دوران کچھ بھارتی فوجی زخمی بھی ہوئے او ر چوکی تباہ ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایاکہ دیوا سیکٹر میں بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے نائب صوبیدار اور سپاہی احسان شہید ہوگئے۔نائب صوبیدار قندیرو کا تعلق سکھر کی تحصیل پنوں عاقل اور محمد احسن کا تعلق جہلم کی تحصیل پنڈ دادن خان سے ہے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ایل او سی پر اشتعال انگیزیاں، بھارت کے اندرونی انشتار سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارت کی عوام نے مودی سرکار کی انتہا پسند سوچ کو مسترد کر دیا ہے، مودی حکومت، خطے میں امن و امان کو تہہ و بالاکرنے پر تلی ہے، جنگی جنون میں مبتلا بھارت سرکار کی شرانگیزیوں کا دنیا نوٹس لے۔شاہ محمود قریشی نے شہید ہونے والے پاک فوج کے دونوں جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا مسلح افواج کی جرات اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں، مسلح افواج کی قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے، بھارت کسی بھول میں نہ رہے پاکستانی مسلح افواج ملکی دفاع کیلئے مکمل تیار ہیں، قوم وطن عزیز کے تحفظ کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ  (ن)کے صدراورقائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا  ہے کہ بھارتی حکمران خطے میں آگ بھڑکانے کے درپے ہیں۔شہبازشریف نے ایل اوسی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کی ایل اوسی پر جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں شہریت بل پراٹھنے والے طوفان سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، بھارت کے اندرسے عوام نے انتہا پسند حکومت کومسترد کردیا ہے۔شہبازشریف نے کہا کہ ایل اوسی پربھارتی فائرنگ دنیا کی توجہ اصل مسئلے سے ہٹانے کی کوشش ہے، بھارتی حکمران خطے میں آگ بھڑکانے کے درپے ہیں، دنیا جنگی جنون کے بھارتی رویہ کا نوٹس لے۔شہباز شریف نے کہا کہ مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ان کی قربانیوں پرقوم کوفخر ہے، پاک فوج کے دوشہدا نے اپنی جان قوم اور وطن پر واردی، یہ ہی ہمارے اصل ہیرو ہیں،   ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے بھارتی فوج کی طرف سے دیوا سیکٹر میں کنٹرول لائن کی خلاف ورزی پر افسوس کا اظہار کیا۔  ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے شہدا کے لئے دعائے مغفرت کی اور غم زدہ خاندان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاگیاہے کہ عالمی برادی مودی کی انسانیت دشمن و امن دشمن پالیسیوں اور اقدامات کا نوٹس لے۔ ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے ایل او سی پر پاک فوج کے دو جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار  کیا۔ انہوں نے شہید جوانوں کے خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی اشتعال انگیزی خطے میں امن کے لیئے خطرہ ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ عالمی برادی مودی کی انسانیت دشمن و امن دشمن پالیسیوں اور اقدامات کا نوٹس لے۔

کنٹرول لائن

مزید : صفحہ اول