مقبوضہ کشمیر میں 144ویں روز بھی  غیر یقینی صورتحال بدستور برقرار

مقبوضہ کشمیر میں 144ویں روز بھی  غیر یقینی صورتحال بدستور برقرار

  



سرینگر(آئی این پی) مقبوضہ کشمیر میں مسلسل 144ویں روز بھی جاری رہنے والے بھارتی فوجی محاصرے کی وجہ سے وادی کشمیر اور جموں اورلداخ کے مسلم اکثریتی علاقوں میں خوف و دہشت کا ماحول اور غیر یقینی صورتحال بدستور برقرار ہے،سرینگر اور مقبوضہ وادی کے دیگرقصبوں میں پابندیاں نافذ ہیں اوربڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات ہیں۔ پری پیڈ موبائل، ایس ایم ایس اورانٹرنیٹ سروسز مسلسل معطل ہیں جسکے سبب صحافیوں، طلبا اور تاجروں کوسخت مشکلات کا سامنا ہے۔  کشمیریوں نے بطور احتجاج سول نافرمانی جاری رکھی ہوئی ہے۔دکانیں صرف صبح کے وقت چند گھنٹوں کیلئے کھولی جاتی ہیں تاکہ لوگ اشیائے ضروریہ خرید سکیں۔ دفاتر اور تعلیمی ادارے ملازمین اور طلباء سے خالی ہیں جبکہ سڑکوں پر پبلک ٹرنسپورٹ کی آمد و رفت کم ہے۔کشمیر میں رات کے وقت درجہ حرارت نقطہ انجماد سے مسلسل نیچے گر رہا ہے۔ نلوں اور پانی کی ٹینکیوں میں پانی جم رہا ہے۔  مقبوضہ علاقے کے محکمہ موسمیات نے21دسمبر سے شروع ہونے والے سردی کے سخت ترین دورانیے ”چلہ کلان“ کی دس تاریخ تک موسم خشک رہنے کی پیش گوئی ہے۔ روز بروز بڑھتی ہوئی سردی نے کشمیریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔

مقبوضہ کشمیر

مزید : صفحہ اول