جلا ل پور کینال سے پنڈ داد نخان اور خوشاب کے لوگوں کی تقدیر بد ل جائیگی: عثمان بزدار
لاہور(جنرل رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ جلال پور کینال سے پنڈ دادنخان اور خوشاب کے لوگوں کی تقدیر بدل جائے گی،121 سال کے بعد پنجاب کے دوسرے بڑے منصوبے جلال پور کینال کا افتتاح پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا اعزاز ہے۔پنڈ دادنخان میں منعقدہ تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ 1897ء میں جلال پور کینال کا منصوبہ تیار کیا گیا آج تک کسی کو توفیق نہ ہوئی لیکن وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں پی ٹی آئی حکومت یہ پراجیکٹ پانچ تین مرحلوں میں مکمل کرے گی۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے بتایا کہ 32 ارب 70 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی جلال پورکینال 1965ء میں تونسہ بیراج کی تعمیر کے بعد دوسرا بڑا پراجیکٹ ہے جسے محکمہ آبپاشی پنجاب تعمیر کر رہا ہے جس میں 117 کلو میٹر طویل نہر، 93 کلومیٹرطویل رابطہ نہریں، 72 اریگیشن سٹرکچراور 18 فلڈ سرکچر بنیں گے، جلال پور کینال سے نہ صرف آبپاشی کیلئے وافر پانی میسر ہو گا بلکہ 40 کیوسک سے زائد پینے کا صاف پانی بھی میسر ہو گا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ دریائے جہلم کے دائیں کنارے پر شہر کو محفوظ کرنے کیلئے فلڈ پروٹیکشن بند 1 ارب 80 کروڑ روپے کی لاگت سے پایہ تکمیل کو پہنچ چکا ہے اور دینہ اور منگلا روڈ بھی جلد مکمل کر لی جائے گی جس پر1 ارب روپے لاگت آئے گی۔ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم میں ڈپٹی کمشنر کی کاوشوں اور نجی شعبے کے اشتراک سے پناہ گاہ کے منصوبے کا مکمل ہونا انتہائی خوش آئند امر ہے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے جلال پور کینال کے سنگ بنیاد کی تقریب میں تشریف لانے پر وزیر اعظم عمران خان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور جلال پور کینال کی تعمیر کا آغاز ہونے پر پنڈ دادنخان اور خوشاب کے لوگوں کو خصوصی طور پر مبارکباد پیش کی۔ایک بیان میں وزیر اعلی پنجاب نے بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کی جرأت و بہادری کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاک فوج نے بھارتی فوجیوں کو جہنم واصل کرکے دشمن کو دندان شکن جواب دیا۔وزیر اعلیٰ نے شہید ہونے والے دوفوجی جوانوں کانڈیرو اور محمد احسان کی بہادری اور جرأت کو سلام پیش کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کااظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ دفاع وطن کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجی جوان ہمارے ہیرو ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی مسلح افواج دفاع وطن کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں اورپاکستانی قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے یوم قائدؒ اور کرسمس کی تقریبات کے موقع پر بہترین سکیورٹی انتظامات پر کابینہ کمیٹی برائے امن و امان‘ پولیس،انتظامیہ اور قانو ن نافذ کرنے والے اداروں کو شاباش دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قیام امن سے متعلقہ تمام ادارے بہترین کارکردگی پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی جذبے، محنت اور عزم کے ساتھ آئندہ بھی قیام امن کیلئے کام کرنا ہے۔
سردار عثمان بزدار