ڈاکٹر بن کر مریضوں سے پیسے بٹورنے والا نوسرباز پکڑا گیا
لاہور(پ ر)لاہور جنرل ہسپتال میں ڈاکٹر کا روپ دھار کر مریضوں سے پیسے بٹورنے کی وارداتیں کرنے والا نوسر باز رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا اور ہسپتال انتظامیہ کی ہدایت پر سکیورٹی اہلکاروں نے ان ایکشن ہوتے ہوئے فوری کاروائی عمل میں لائی اوروگ لگاکر واردات کرنے والے ملزم حافظ محمد اسد کو تھانہ کوٹ لکھپت پولیس کے حوالے کر دیاجہاں مزید کاروائی کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق مریض محمد حنیف کے تیمار دار محمد طیب نے ہسپتال انتظامیہ کو اطلاع دی کہ ایک نوجوان ڈاکٹر کے بھیس میں مریضوں سے اُن کے ٹیسٹ کروانے کے بہانے رقم بٹور رہا ہے اور اُن سے بھی پیسے لے کر غائب ہو گیا ہے جبکہ وہ واردات کرنے کے بعد اپنی وگ اتار کر اپنا حلیہ تبدیل کر لیتا ہے تاکہ پہچانا نہ جا سکے۔ سکیورٹی اہلکاروں نے اس شخص کی فوری تلاش شروع کر دی اور ہسپتال سے فرار ہونے کی کوشش کرنے والے نوسر باز کو قابو کر لیا گیا۔
جس نے اپنا نام حافظ محمد اسد بتایا وہ تحصیل صادق آباد ضلع رحیم یار خان کا رہائشی ہے۔ ڈائریکٹر سکیورٹی ڈاکٹر رانا محمد شفیق نے مزید کاروائی کے لئے مذکورہ نوسر باز کو پولیس کے حوالے کر دیا اور اُس کے خلاف ہسپتال کی طرف سے تحریری شکائیت بھی جمع کروا دی تاکہ اُسے قرار واقعی سزا دی جا سکے۔