زرعی اجناس کے بیچوں کی 25نئی اقسام کی منظوری دیدی، وزیر زراعت پنجاب
لاہور(لیڈی رپورٹر)زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت فصلوں کی نئی اقسام کی تیاری کی جارہی ہے جو شدید موسمی صورتحال کا مقابلہ کرسکیں اور بیماریوں کے خلاف قوتِ مدافعت کی حامل ہوں یہ بات صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے پنجاب سیڈ کونسل کے 53ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں زرعی اجناس کے بیجوں کی 25نئی اقسام کی منظوری دید ی گئی۔اجلاس میں مجموعی طو رپر بیجوں کی 10اقسام کی منظوری دی گئی جن میں زیتون کی 9 اوربی ٹی کپاس کی1 قسم ایف ایچ- 444 شامل ہیں۔ وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے نئی اقسام کی تیاری پر زرعی سائنسدانوں کو مبارکباد پیش کی۔ اجلاس میں ایڈوائزر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد حنیف خان، ایڈیشنل سیکرٹری پلاننگ عبید اللہ کھوکھر،ڈائریکٹر جنرل ریسرچ ڈاکٹرعابد محمود،قائم مقام ایم ڈی سیڈ کارپوریشن ڈاکٹر غضنفر علی،ڈائریکٹر سیڈ کونسل رانا رفعت، ڈائریکٹر فارمز ظفر اقبال،چیف ایڈوائزر میڈیا وزیر زراعت شاہدقادر سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں زراعت کی ترقی کے لئے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر زراعت نعمان لنگڑیال نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان او ر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ''خوشحالی کسان کی ترقی پاکستان کی وژن ''کے تحت منصوبہ بندی کر کے پیشرفت جارہی ہے۔ جس دن زراعت کا قلمدان سنبھالا تھا اسی دن تہیہ کیا تھاکہ زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے سب کو ساتھ لے کر چلوں گا اورہم دن رات محنت کر کے زرعی انقلاب لائیں گے۔ وزیر زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب بڑا بھائی ہونے کے ناطے ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی کیلئے سستی اور معیاری خوراک کی فراہمی کی اپنی ذمہ داری پوری کرنے کے حوالے سے آگاہ ہے او راس سلسلے میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر قوت ِ مدافعت کی حامل فصلات کی نئی اقسام کی تیاری کی جا رہی ہے تاکہ فصلات پر بیماریوں کا حملہ کم سے کم ہو اور فی ایکڑ زرعی پیداوار میں اضافہ ہو سکے۔