آئی جی سندھ کی زیرصدارت امن وامان سے متعلق اہم اجلاس 

  آئی جی سندھ کی زیرصدارت امن وامان سے متعلق اہم اجلاس 

  



کراچی(کرائم رپورٹر)آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام کی زیرصدارت امن وامان کی صورتحال اوراس ضمن میں پولیس حکمت عملی اور لائحہ عمل پر اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس ہوا جس میں بینظیر بھٹوکے یوم شہادت اور سال نو کی آمد کے موقع پر سندھ بھر میں سیکیورٹی اقدامات کومزیدغیر معمولی بنانیکے حوالے سے تمام رینج/ڈسٹرکٹ/زونل افسران کو جملہ ضروری ہدایات دی گئیں۔اجلاس میں تمام ایڈیشنل آئی جیز،ڈی آئی جیزاورتمام ضلعی ایس ایس پیزنے ذریعہ ویڈیو لنک/کانفرنس شرکت کی جبکہ سینٹرل پولیس آفس میں تعینات سینئر پولیس افسران بذاتِ خوداجلاس میں شریک تھے۔انہوں نے کہا کہ27 دسمبرکے موقع پرسندھ بھرمیں ناصرف سیکیورٹی بلکہ ٹریفک کے مجموعی امورکو بھی ہرسطح پر فول پروف بنایاجائے جبکہ نودیرو گڑھی خدا بخش میں اس خصوصی دن کی مناسبت سے عقیدت مندوں سمیت معروف سیاسی وسماجی شخصیات کی ناصرف سندھ بلکہ ملک کے دیگر صوبوں سے بھی کثیر تعداد میں شرکت کو پیش نظر رکھ کرگڑھی خدا بخش،اسکے اطراف اور اس سے ملنے والی تمام شاہراہوں، ذیلی سڑکوں،پیدل راستوں پر پیٹرولنگ،پکٹنگ،اسنیپ چیکنگ، ریکی نگرانی اور ناکہ بندی کے تحت تمام تر سیکیورٹی اقدامات کو غیرمعمولی بنایا جائے۔ اجلاس کو ہدایات دی گئیں کہ سال نو کی آمد اور اس حوالے سے مختلف علاقوں میں ہونیوالی تقاریب سمیت ساحل سمندر،تفریحی/پبلک مقامات پر سیکیورٹی/ٹریفک کے مجموعی اقدامات کو انتہائی مؤثر اور مربوط بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جرائم کے خلاف جاری پولیس ایکشن کو مزید تیز کیا جائے اور جملہ پولیس اقدامات میں قانون پسند شہریوں کے احترام کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اختیارات سے کسی بھی طور تجاوز سے گریز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ تمام ایس ایچ اوزاسٹریٹ کرائمز بشمول ڈکیتی، رہزنی اورلوٹ مار کی روک تھام کے لیئے اپنی انفرادی اورمجموعی کارکردگی کوباہم رابطوں میں رہتے ہوئے کامیاب اورمؤثر بنائیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر