کراچی، پرورش و یلفیئر آرگنائز یشن کی جانب سے بحالی سینٹر کا قیام
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پرورش ویلفیئر آرگنائزیشن کی جانب سے ایگزیکٹیو بحالی سینٹر کلفٹن میں قائم کردیا گیا، جس میں ماہرین نشے کی علت میں مبتلا مریضوں کا علاج ومعالجے کی سہولیات فراہم کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق غیر سرکاری تنظیم پرورش ویلفیئر آرگنائزیشن کی جانب سے باتھ آئی لینڈ میں ایگزیکٹیو ریہبلی ٹیشن یا بحالی سینٹر کا افتتاح کردیا گیا جس کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر پرورش ریکوری سینٹر عمران علی شاہ تھے۔ اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عمران علی شاہ نے کہاکہ یہ سینٹر نشہ اور اس سے ہونے والی پیچیدہ امراض سے چھٹکارہ حاصل کرنے کیلئے بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سینٹر کے قیام کا مقصد نشہ سے ہونے والے مسائل کا جڑ سے خاتمہ کرنا، متاثرہ شخص کی معیار زندگی بہتر بنا نااور خاندان کی کونسلنگ کرنا ہے۔ عمران علی شاہ نے کہاکہ پرورش ویلفیئر آرگنائزیشن کی جانب سے پہلا بحالی سینٹر ملیر میں 2016میں قائم کیا گیا تھا جس میں نشہ کی علت میں مبتلا افراد کو علاج و معالجے کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور اب تک 950سے زائد مریضوں کو رجسٹرڈ کیا جاچکا ہے جبکہ ان میں سے 70فیصد نشے سے نجات حاصل کرچکے ہیں۔ ماہر نفسیات سدرہ جعفری نے کہاکہ دوسرا بحالی سینٹر کلفٹن میں قائم کردیا گیا جس کا مقصد نشہ کرنے والے نوجوانوں علاج ومعالجے کی سہولیات فراہم کرنا اور دوسرا فنڈ اکھٹا کرکے ملیر سینٹر کو بہتر انداز میں چلانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نشہ استعمال کرنے والے کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے اور ہر سال 40ہزار نئے کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت پاکستان میں 78لاکھ سے زائد افراد نشہ کی علت میں مبتلا ہیں جس میں سے 78فیصد مرد اور 22فیصد خواتین ہیں۔ انہوں نے مختلف سماجی و معاشی کی مسائل کی وجہ سے نوجوانوں کی بڑی تعداد نشہ کی علت میں مبتلا ہورہی ہے اور تعلیم یافتہ نوجوان نشے کی طرف راغب ہورہے ہیں۔