لودھراں، غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کیخلاف کارروائی کی ہدایت

  لودھراں، غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کیخلاف کارروائی کی ہدایت

  



لودھراں (نمائندہ پاکستان) ڈپٹی کمشنر عمران قریشی کی زیر صدارت کلین اینڈ گرین پنجاب کے حوالے سے جائزہ اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلا س میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے وڑن کلین اینڈ گرین پاکستان کے حوالے سے مقرر کر دہ اہداف کے حصول کیلئے لائحہ عمل طے کیا گیا۔ اجلا س میں ضلع بھر کی تینوں تحصیلوں سے لیکر یونین کونسلز سطح تک کلین اینڈ گرین پنجاب (بقیہ نمبر44صفحہ12پر)

کے مقرر کردہ ٹارگٹ کے حصول کیلئے اہم امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں عوام کو پینے کے صاف اور شفاف پانی، حفظان صحت کے اْصولوں کے مطابق صفائی ستھرائی، جمع شدہ کوڑے کی ڈمپنگ سائیٹس پر تلفی، سیوریج و نکاس آب کی مینجمنٹ، سٹی بیوٹی فیکشن، پارکس کی خوبصورتی میں اضافہ، شجر کاری مہم اور کمیونٹی کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے حتمی فیصلہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر عمران قریشی نے اجلاس میں میونسپل کمیٹیوں میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے ون ونڈوں آپریشن متعارف کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کے خلاف بھی ٹھوس کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر عمران قریشی نے کہاکہ کلین اینڈ گرین پنجاب مہم کے تحت شہر کو خوبصورت اور صاف بنانے کیلئے ناجائز تجاوزات کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے متعلقہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر زکو ناجائز تجاوزات کے خلاف موثر کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر میں ٹرانسپورٹ اڈے، پیٹرول پمپس و دیگر ٹرانزٹ پوائنٹس پر عوامی سہولیات کے لئے صاف ستھرے ٹائلٹس کی سہولیات فراہم کرنے بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ تمام پیٹرول پمپس پر صفائی ستھرائی کو مانیٹرکیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے سکولوں کے بچوں اور کالج کے طلباء و طالبات میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے آگاہی کو اْجاگر کرنے کیلئے بھی سینی ٹیشن ایونٹس منعقد کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے محکمہ لوکل گورنمنٹ کے یونین کونسل سیکرٹریز کو یونین کی بنیادی سطح تک صفائی ستھرائی، سیوریج و سینی ٹیشن امور کے حوالے سے فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہاکہ تحصیلوں سمیت ضلع بھر کی سطح پر شکایات سیل بنانے جائیں تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ بروقت ممکن ہو سکے۔ ڈپٹی کمشنر عمران قریشی نے کہاکہ لودھراں شہر کے داخلی و خارجی راستوں کو خوبصورت اور مزین کیا جائے گا۔ اجلا س میں ڈپٹی کمشنر لودھراں عمران قریشی نے بتایا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملک مشتاق حسین نائچ تحصیل لودھراں، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید محمد عباس شاہ تحصیل دنیا پور اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلانگ فاروق قمر تحصیل کہروڑپکا میں کلین اینڈ گرین پنجاب مہم کے مقررہ اہداف کی مانیٹرنگ کریں گے۔ اجلاس میں متعلقہ میونسپل کمیٹیوں کے چیف افسران سمیت سوشل ویلفیئر آفیسر نازیہ شریف، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اخلا ق احمد، رینج فاریسٹ آفیسر ریاض حسین انجم اور دمتعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹرز لوکل گورنمنٹ شریک تھے۔

ہدایت

مزید : ملتان صفحہ آخر