کینسر کے مرض میں مبتلا بچوں کیلئے ”کرسمس تقریب“ کا انعقاد

کینسر کے مرض میں مبتلا بچوں کیلئے ”کرسمس تقریب“ کا انعقاد

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر)میک اے وش پاکستان نے گزشتہ روز کرسمس کے موقع پر کینسر کے موذی مرض میں مبتلا دو بچوں رابنسن یوسف اور اریبہ ولسن کی فیملی کے ہمراہ کرسمس منانے کی خواہش کی تکمیل کی۔ اس سلسلے میں میک اے وش فاؤنڈیشن پاکستان کے بانی صدر اشتیاق بیگ بچوں کے ہمراہ سینٹ پیٹرک کیتھڈرل گئے جہاں بچوں نے کارڈینل جوزف کاؤڈزس آرچ بشپ کراچی سے ملاقات کی جنہوں نے بچوں کی صحت یابی کیلئے خصوصی دعا کی۔ بعد ازاں مقامی ہوٹل میں بچوں اور ان کی فیملی کیلئے ”کرسمس تقریب“ کا انعقاد کیا گیا جس میں آئی جی اسلام آباد عامر ذوالفقار، میک اے وش پاکستان کے بانی صدر اشتیاق بیگ، سینیٹر انور لال دین، ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر مرزا اختیار بیگ اور سینٹ پیٹرک چرچ کے سربراہ فادر صالح ڈیاگو نے شرکت کی اور بچوں کے ساتھ کیک کاٹا اور انہیں کرسمس تحائف دیئے۔ اس موقع پر میک اے وش کے رضاکاروں نے کرسمس کے خصوصی نغمے بھی پیش کئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اشتیاق بیگ نے تقریب میں شرکت کرنے پر مہمان خصوصی آئی جی اسلام آباد عامر ذوالفقار کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آج کی یہ تقریب پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی، روداری اور بھائی چارگی کی عکاسی کرتی ہے۔ تقریب میں ڈاکٹر فرحان عیسیٰ، ڈاکٹر ناجیہ، ندیم شیخ، جسٹس ہیلپ لائن کے سلیم مائیکل، میک اے وش کے رضاکاروں، بچوں کی فیملی اور دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔

مزید : صفحہ اول