سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے وزیراعظم عمران خان کو ولی عہد محمد بن سلمان کا کیا پیغام پہنچایا ؟ تفصیلات سامنے آ گئیں
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے وزیراعظم عمران خان کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا خصوصی پیغام پہنچایا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کو ہر موقع پر بھرپور امداد فراہم کرے گا۔
نجی ٹی وی ” ہم نیوز “ کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کی وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ملاقاتوں کے اعلامیہ کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد کا پیغام بھی پہنچایا ہے جس میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی بات کی گئی ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ فارما سوٹیکل قابل تجدید توانائی میں سعودی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہیں اور توقع ہے صحت، سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے سعودی ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی۔اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سعودی وزیر خارجہ کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے آگاہ کیا جبکہ بھارت میں متنازع قانون اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی اشتعال انگیزیوں سے بھی آگاہ کیا۔