’لیگی ترجمان سن لیں مافیا کی حکومت نے۔۔۔‘فردوس عاشق اعوان بھی میدان میں آگئیں

’لیگی ترجمان سن لیں مافیا کی حکومت نے۔۔۔‘فردوس عاشق اعوان بھی میدان میں ...
’لیگی ترجمان سن لیں مافیا کی حکومت نے۔۔۔‘فردوس عاشق اعوان بھی میدان میں آگئیں

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ لفافہ کلچر مافیا حکومت نے شروع کیاتھا۔عمران خان کی مافیا کی خلاف جنگ جاری ہے اوروہ لٹیروں سے قوم کا مال نکلوانے کے نیک مقصد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

مریم اورنگزیب کے بیان پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر دیئے گئے ردعمل میں انہوں نے کہاکہ ”لیگی ترجمان سن لیں مافیاکی حکومت نے لفافہ کلچر شروع کیاتھا، اخبارات کے دفاترپر حملے اور نیوزپرنٹ بلیک میلنگ کی جاتی تھی۔ لوگوں کو آج بھی سیف الرحمن کا کردار یاد ہے جب اخبارات اور سیاسی مخالفین پر جھوٹے مقدمات درج کرنا انکا مشغلہ تھا۔“

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ”اداروں کا قانون پر عمل کرنا ڈاکو، چوراورمافیاکوبرا لگتا ہے۔ عمران خان کی مافیا کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ “

انہوں نے کہا”چورلٹیروں اور ڈاکووں کے قبضے سے قوم کا مال نکلوانا عبادت ہے، اس نیک مقصد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔“

واضح رہے کہ ان سے قبل مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ چوروں اور ڈاکووں کو ساتھ بٹھا کرملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کرنے والا میڈیا کو مافیا کہہ رہا ہے؟چلتے ٹاک شوز بند اور ایڈیٹوریلز غائب کروانے والا میڈیا کو مافیا کہہ رہا ہے؟ہر مخالف آواز کو سزائے موت کی چکیوں میں بند کرنے والا میڈیا کو مافیا کہہ رہا ہے ۔؟ مریم اورنگزیب نے کہاعوام کا ووٹ چوری کرنے والا میڈیا کو مافیا کہ رہا ہے ؟۔عمران صاحب فارن فنڈنگ سے منی لانڈرنگ کرنے والا مافیا دوسروں کو مافیا کہ رہا ہے؟ شرم آنی چاہئے۔نالائق، نااہل اور سلیکٹڈ وزیراعظم کا میڈیا کو مافیا کہنا شرمناک، افسوسناک اور قابل مذمت ہے ۔

انہوں نے کہاملک وقوم کو نالائق اور نااہل عمران صاحب کی وجہ سے درپیش سنگین معاشی وقومی مسائل کی وجہ سیاسی انتقامی غنڈہ گردی کا سلسلہ جاری ہے۔پرویز رشید اور عظمی بخاری کو نوٹس دینا غیرقانونی اور عمران صاحب کے غنڈہ راج کا ثبوت ہے ۔انہوں نے کہاتفتیشی ٹیم بناکر تحقیق کی جاتی کہ جج ارشد ملک پر کس نے دباو ڈالا اور قانون اور انصاف کا قتل ہوا ؟ارشد ملک وڈیو سکینڈل میں جج کو نوٹس دے کر پوچھا جاتا کہ کس کے دباو پر منتخب وزیراعظم کے خلاف فیصلہ دیا؟۔

واجد ضیاءکو کٹھ پتلی کے طورپر یاد رکھاجائے گا کہ انہوںنے ایک قومی ادارے کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا۔مریم اورنگزیب نے پارٹی ڈپٹی سیکریٹری جنرل عطاءاللہ تارڑکو ایف آئی اے طلب کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاعطاءاللہ تارڑکے خلاف کرپشن،کمیشن اور اختیارات کا ناجائز استعمال نہ ملا تو غیرقانونی نوٹس جاری کردیاگیا۔

عطاءتارڑ نوجوان سیاسی کارکن ہے اور ان کی دونسلیں سیاست میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔اوچھی اور مذموم حرکتوں سے نوجوان پڑھے لکھے اور صاف ستھرے کردار کے نوجوانوں کی حوصلہ شکنی کی جارہی ہے ۔

مزید : قومی