لڑکیوں کی سکرٹ پہن کر ائیرپورٹ آنے والے مرد کی تصاویر نے انٹرنیٹ پر ہنگامہ برپا کردیا
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ میں گزشتہ دنوں ایک شخص ایسا لباس پہن کر ایئرپورٹ چلا گیا کہ اس کی ویڈیوز اور تصاویر نے انٹرنیٹ پر ہنگامہ برپا کر دیا۔ میل آن لائن کے مطابق اس شخص کا نام پاﺅل ڈوانی ہے جس نے لڑکیوں کی سکرٹ اور اونچی ایڑی والے جوتے پہن رکھے تھے۔ وہ اسی حالت میں امریکی ریاست فلوریڈا کے فورٹ لوڈرڈیل ہالی ووڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دیکھا گیا جہاں دیگر مسافروں نے اس کی ویڈیوز اور تصاویر بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دیں جو جنگل کی آگ کی طرح وائرل ہو گئیں۔
رپورٹ کے مطابق پاﺅل کو اس لباس میں دیکھ کر لوگوں نے اس کے متعلق تضحیک آمیز کمنٹس کرنے شروع کر دیئے۔ بعد ازاں اس معاملے پر پاﺅل کا موقف سامنے آیا اور اس نے بتایا کہ ”اس نے لڑکیوں کی سکرٹ نہیں پہن رکھی تھی بلکہ وہ مردانہ شارٹس سوٹ تھاجو اس نے خاص طور پر ڈیزائنر سے تیار کروایا تھا۔ “ رپورٹ کے مطابق اس لباس میں دیکھ کر انٹرنیٹ صارفین اسے ہم جنس پرست قرار دے رہے تھے لیکن اپنے ردعمل میں پاﺅل نے واضح کیا کہ وہ ہم جنس پرست نہیں ہے۔
واضح رہے کہ پاﺅل ’سول انارکسٹ‘ کے نام سے پوڈکاسٹ چلاتا ہے۔ اس نے لوگوں کی تنقید کے ردعمل میں کی جانے والی ٹویٹ میں اس آن لائن پلیٹ فارم کا لنک بھی شامل کیا جہاں سے اس نے 24.00ڈالر میں یہ شارٹس سوٹ خریدا تھا۔ ڈیزائنر نے یہ سوٹ بنایا تو خاص طور پر پاﺅل کے لیے تھا لیکن اس کے مشہور ہونے کے بعد اس لباس کے کافی آرڈرز اسے موصول ہو رہے ہیں اور ڈیزائنر نے یہ لباس عام فروخت کے لیے پیش کر دیا ہے۔