”شعیب اختر نے سچ بولا ہے اور ان کھلاڑیوں کے نام۔۔۔“ دانش کنیریا نے شعیب اختر کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے تہلکہ خیز اعلان کر دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر دانش کنیریا نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے مذہب کی بنیاد پر امتیازی سلوک کا نشانہ بنائے جانے سے متعلق شعیب اختر کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے جلد ہی ان کرکٹرز کے نام سامنے لانے کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دانش کنیریا نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر کے بہادرانہ اقدام کو سراہا اور کہا کہ وہ سچ بول رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا ”شعیب اختر نے سچ بولا ہے۔ میں ان تمام کھلاڑیوں کے نام سامنے لاﺅں گا جو میرے ہندو ہونے کی وجہ سے مجھ سے بات کرنا بھی پسند نہیں کر تے تھے۔ مجھ میں اس حوالے سے بات کرنے کی ہمت نہیں تھی لیکن اب میں بات کروں گا۔“
دانش کنیریا پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرنے والے باﺅلرز کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 261 اور ون ڈے انٹرنیشنل میں 15 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ اس سے قبل اس حوالے سے بات کرنے کی ہمت نہیں رکھتے تھے لیکن شعیب اختر کا بیان دیکھنے کے بعد مجھے حوصلہ ملا ہے اور میں جلد ہی ان سب کے نام سامنے لاﺅں گا۔