یخ بستہ موسم میں کوئٹہ کی خوبصورت ہنہ جھیل کا پانی برف میں تبدیل
کوئٹہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)سرد موسم میں سیاحوں کی توجہ کا مرکز خوبصورت ہنہ جھیل کا پانی بھی جم کر برف بن گیا۔
تفصیلات کے مطابق وادی کوئٹہ اس وقت ایسے مناظر پیش کر رہی ہے جیسے 20، 25 سال پہلے کا موسم لوٹ آیا ہو، رپورٹ کے مطابق 400 پہاڑوں سے گھری وادی میں ایک ہفتہ سے کم سے کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے ہے۔دو روز قبل کوئٹہ میں کم سیکم درجہ حرارت منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا سردی کی شدت سے کوئٹہ کے نواح میں واقع ہنہ جھیل کا پانی بھی برف بن گیا۔جھیل کی سطح پر برف کی تہیں بنی صاف دیکھی جا سکتی ہیں، کہیں کہیں پانی برف کی قلفیوں میں بھی تبدیل ہو گیا ہے۔ ہنہ جھیل میں پانی جم جانے سے کینوئنگ اور روئنگ سمیت واٹر اسپورٹس تو متاثر ہوئی ہی ہے ساتھ ہی وہاں سیاحوں کے لیے کشتی پر سیر کرائے جانیکا سلسلہ بھی بند ہو گیا ہے۔ٹھنڈے ٹھنڈے موسم میں ہنہ جھیل پر سائبیریا کے پرندوں کی بھی آمد ہو چکی ہے جو جھیل اور اطراف میں بیٹھے، اڑتے اور اٹکھلیاں کرتے دیکھے جا سکتے ہیں۔