یو اے ای پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھے گا،آئندہ دونوں ملکوں کے درمیان دوستی مزید مضبوط ہو گی:شیخ نہیان بن مبارک

یو اے ای پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھے گا،آئندہ دونوں ...
یو اے ای پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھے گا،آئندہ دونوں ملکوں کے درمیان دوستی مزید مضبوط ہو گی:شیخ نہیان بن مبارک

  



اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)متحدہ عرب امارات کے وزیر رواداری شیخ نہیان بن مبارک النیہان نے کہاہے کہ یو اے ای پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھے گا، پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات پر یو اے ای کو ہمیشہ فخر رہا ہے اور آئندہ آنے والو ں وقتوں میں یہ دوستی مزید مضبوط ہو گی۔

یو اے ای کے وزیررواداری شیخ نہیان بن مبارک النیہان کی نیشنل لائبریری اسلام آباد میں آمد پر وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعا ت و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اوروزیر مملکت برائے انسداد منشیات شہریار خان آفریدی نے ان کا استقبال کیا۔یو اے ای کے تعاون سے نیشنل لائبریری اسلام آباد میں ’یو اے ای بک پویلین‘ کا افتتاح کیا گیا۔یہ پویلین متحدہ عرب امارات کی ایمبیسی کے تعاون سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی رواداری اور تعلقات کے فروغ کیلئے قائم کیا گیا ہے۔پویلین کیلئےمتحد ہ عرب امارات کی جانب سے مختلف موضوعات پر عربی زبان پر تحریر کردہ ایک ہزار سے زائد کتب دی گئی ہیں۔شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے کہاکہ یو اے ای پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھے گا، پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات پر یو اے ای کو ہمیشہ فخر رہا ہے اور آئندہ آنے والو ں وقتوں میں یہ دوستی مزید مضبوط ہو گی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ پاکستان میں تعلیم اور مطالعہ کے فروغ میں یو اے ای کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ عرب امارات کا کئی دیگر شعبوں جن میں پولیو کے خاتمے،کتب بینی کے فروغ اور سرمایہ کاری سمیت کئی شعبوں میں تعاون دونوں ممالک کے گہر ے اور برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ دونوں ممالک میں دیگر شعبوں خصوصاًتعلیم،ثقافت اور معیشت کے تعلقات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نےکہاکہ یو اے ای کی طرف سےنیشنل لائبریری میں پویلین کےقیام اور ہزاروں کتابوں کےعطیہ سےپاکستان میں کتب بینی کوفروغ دینےمیں مددملے گی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ کتابوں کے اس عطیہ پر یو اے ای کی حکومت اور عوام کے شکر گزار ہیں، قومی ترقی میں علم کی ضرورت و اہمیت کے تناظر میں یو اے ای کا تعاون بڑی قابل ستائش بات ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ پاکستان اور یو اے ای کے دو طرفہ تعلقات اور تعاون کو بڑھا کر علمی معلوماتی و صحافتی تبادلہ جات کو بھی فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

مزید : اہم خبریں /قومی