شہبازشریف کی نااہلی کی وجہ سے میرے دور کا سرپلس صوبہ 2ہزار ارب کا مقروض ہوا: چودھری پرویز الہٰی

شہبازشریف کی نااہلی کی وجہ سے میرے دور کا سرپلس صوبہ 2ہزار ارب کا مقروض ہوا: ...
شہبازشریف کی نااہلی کی وجہ سے میرے دور کا سرپلس صوبہ 2ہزار ارب کا مقروض ہوا: چودھری پرویز الہٰی

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)  سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ سموگ کے خاتمے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، بطور وزیراعلیٰ پنجاب ویژن 2020 کے تحت پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ماحول کی بہتری کیلئے 200 ملین کا اضافہ کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ کے تحت ہونے والی پہلی ماحولیاتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر پلڈاٹ احمد بلال محبوب اور رضوان ممتاز علی سربراہ مسلم لیگ ریپیڈ ونگ اور صدر پالیسی کانونشن نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر کامل علی آغا، خدیجہ فاروقی، ڈاکٹر زین بھٹی، احمد فاران خان، مظہر علی لغاری، آمنہ الفت سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب کی ترقی کیلئے دن رات کام کر کے صوبے کو سرپلس بنایا تھا مگر شہبازشریف کی نااہلی کی وجہ سے میرے دور کا سرپلس صوبہ 2 ہزار ارب کا مقروض ہو گیا، اب صوبے کو ٹھیک کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اس میں وقت لگے گا، موسمی ماحول ٹھیک کرنے کے ساتھ ساتھ سیاسی ماحول بھی ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اپنے دورِ وزارتِ اعلیٰ میں اپنے ویژن 2020 پروگرام کے تحت پنجاب کی تاریخ میں پہلی دفعہ مضر ماحولیاتی اثرات کے تدارک کیلئے باتیں نہیں کام کر کے دکھایا، میں نے سالڈ ویسٹ، انڈسٹریل ویسٹ ، میونسپل ویسٹ  اور ٹرانسپورٹ کی وجہ سے ماحول میں پیدا ہونے والے زہریلے اثرات کے خاتمے کیلئے عملی اور دوررس اقدامات کیے۔ جن کا مقصد پنجاب کے ماحولیات کی حفاظت بحالی اور بہتری تھا۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں میرے پاس پاکستان میں موجود ایک کورین کمپنی کے سربراہ پنجاب میں سموگ کے خاتمے کا ایک منصوبہ لے کر آئے ہیں۔ اس منصوبے کے مطابق کسانوں کوفصل کاٹنے کے بعد جو مڈھ رہ جاتے ہیں انہیں جلانے کی ضرورت نہیں ہوگی اور یہ کمپنی کسانوں کو مڈھ نہ جلانے پر الٹا معاوضہ دے گی۔ اس مجوزہ منصوبے کے مطابق وہ کمپنی کھیتوں سے مڈھ کاٹ کر ان سے گیس پیدا کرے گی جو گھریلو اور صنعتی استعمال کیلئے انتہائی سستی اور سو فیصد ماحول دوست ہوگی۔ میں سمجھتا ہوں کہ حکومت پنجاب کو اس پیشکش کو فوری طور پر منظور کرنا چاہیے اور اس پر کام شروع کرنا چاہیے۔

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ  میں نے 200 ملین روپے کی لاگت سے انوائرمنٹل پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ (EPA) کی استطاعت بڑھانے کیلئے گوجرانوالہ، سیالکوٹ، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، مری، او ررحیم یار خان میں جدید انوائرمنٹل لیبز قائم کیں۔ ہسپتالوں کامضر صحت کلینیکل ویسٹ ماحولیاتی آلودگی کی ایک بڑی وجہ ہے۔ لہٰذا ایک مرحلہ وار پروگرام کے تحت میری حکومت نے لاہور سمیت صوبہ کے دیگر سرکاری ہسپتالوں میں Incineratorلگانے شروع کیے۔ آج تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی اور شہروں کے وسائل پر حد سے زیادہ بوجھ ہمارے ماحولیاتی مسائل کی بڑی وجوہات ہیں۔ درختوں کے کٹاؤ، صنعتوں کے پھیلاؤ اور پٹرول و ڈیزل سے چلنے والی ٹرانسپورٹ نے پنجاب میں فضائی آلودگی میں بے پنا ہ اضافہ کر دیا ہے۔ اس ماہ کی ائیر کوالٹی انڈکس کے مطابق بد قسمتی سے لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا یہ انتہائی تشویشناک امر ہے کہ ہماری فضا میں موجو د زہریلا دھواں سموگ کی شکل میں خطرناک سطح سے کہیں زیادہ تجاوز کر چکا ہے۔ کارکن ایکو فرینڈز کے تحت بلا تفریق اپنے علاقہ کے عوام کی خدمت کر یں گے۔ مجھے امید ہے کہ آنے والے دور میں پاکستان مسلم لیگ ایکو فرینڈز کے ذریعے عوامی خدمت اور بہتر ماحولیات کیلئے بہترین نتائج دے گی۔ بعد ازاں چودھری پرویزالٰہی نے ایکو فرینڈز کے زیراہتمام مختلف اضلاع میں بہترین کارکردگی پر ٹیم لیڈر رضوان ممتاز علی،احمد فاران خان، سید شاکر حسین شاہ، سہیل اصغر اعوان اور دیگر رہنماؤں کو اعزازی شیلڈیں بھی دیں۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور