بینظیر بھٹو کا مشن ، آئین کی حکمرانی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے : آصف زرداری
اسلام آباد(آن لائن )سابق صدر مملکت اور صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے یوم شہادت کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے مشن کے مطابق آزاد اور خودمختار پاکستان بااختیار پارلیمنٹ اور آئین کی حکمرانی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے ' سابق صدر نے کہا کہ ملک سے غربت 'بیروزگاری اور معاشی بدحالی کا خاتمہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا مشن تھا اس مشن کی تکمیل پاکستان پیپلزپارٹی کی پہلی ترجیح ہے ' آصف علی زرداری نے کہا محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے زندگی بھر خوف اور دہشت کی مزاحمت کا پرچم مضبوطی سے تھام کر رکھا۔ آصف علی زرداری نے کہا محترمہ بینظیر بھٹو شہید نہ آمروں ڈریں اور نہ ہی شدت پسند دہشت گردوں سے خوفزدہ ہوئیں محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی بہادری پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنوں کی میراث ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا وہ وقت زیادہ دور نہیں جب محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا پاکستان ہوگا سیاسی 'سماجی اور معاشی استحصال سے پاک پاکستان۔ سابق صدر نے کہا محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی فلاسفی تھی کہ مزدور اور کسان خوشحال ہوگا تو پاکستان خوشحال ہوگا ' آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نوجوانوں کے بہترین مستقبل کی ضمانت دیتی ہے اور انہیں آگے بڑھنے اور ترقی کرنے کے مواقع فراہم کریگی '۔
آصف زرداری