قائداعظم ؒکے فرمودات پر عمل کرنا ہو گا،راغب حسین نعیمی
لاہور(نمائندہ خصوصی) دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ ملکی معاشی ترقی کیلئے متفقہ لائحہ عمل طے کیا جائے۔ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے فرمودات پر عمل پیرا ہو کر آگے بڑھنا ہوگا۔ پرامن معاشرے کیلئے ہمیں بحیثیت قوم ایک دوسرے کا وجود تسلیم کرنا ہو گا۔ ہمیں اپنی زندگی رسول اللہ کے بتائے ہوئے راستے اور میثاق مدینہ کی روشنی میں بسرکرنا ہوگی۔ قائد نے اپنی جمہوری بصیرت سے بکھرے مسلمانوں کو ایک پرچم تلے جمع کر کے الگ وطن کے قیام کے خواب کی تعبیر دی۔ بانی پاکستان نے مایوسی اور ناامیدی کی فضا میں عزم و حوصلہ کا چراغ جلایا۔ علماء کرام معاشرے میں رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے کردار ادا کریں ان خیالات کااظہار انہوں نے جامعہ نعیمیہ میں قائداعظم محمد علی جناحؒکے 147ویں یوم ولادت کی مناسب سے منعقدہ ”مقابلہ حسن تقریر“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقابلہ حسن تقریب میں مختلف تعلیمی شعبہ جات کے لئے طلبہ نے بھرپورحصہ لیا۔ پروفیسر عبدالستارشاکر، مفتی محمد مدنی، مولانا غلام یاسین قادری نے بطور جج فرائض سرانجام دیئے۔ تقریب میں مولانا غلام مرتضیٰ نقشبندی، مولانا مسعود احمد سیالوی، مولانا قاری ذوالفقار علی نعیمی، قاری محمد امیرقادی، مولانا محمدنعمان کشمیری سمیت طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
علامہ راغب نعیمی نے مزید کہاکہ 25 دسمبر کا دن برصغیر کے مسلمانوں کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، قائداعظم محمد علی جناح ایک عظیم قانون دان، بااصول سیاستدان، بلند پایہ مفکر اور عہد ساز شخصیت تھے۔ ہمیں تعصبات اور فرقہ واریت کا خاتمہ کر کے پاکستان کو حقیقی فلاحی ریاست بنانے اور اسکی مضبوطی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ قائداعظم برصغیر کے مسلمانوں کے عظیم رہنما تھے جنہوں نے اپنی فہم و فراست سے پاکستان کا حصول ممکن بنایا۔آج اس امر کی ضرورت ہے کہ ہم بانی پاکستان کی تعلیمات کو اپنائیں اور معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے لئے ہرسطح پر اپنا کردار ادا کریں۔