بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کرپشن،محمد اشرفل اور شیہاب جسہان قصور وار قرار
ڈھاکہ (اے پی پی) بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کرپشن کیس میں بنگلہ دیشی کرکٹر محمد اشرفل، ڈھاکہ گلیڈی ایٹرز کے مالک شیہاب جسہان چوہدری کو قصور وار ٹھہرا دیا گیا جبکہ کینٹ آل راﺅنڈر ڈیرن سٹیون سمیت چھ دوسرے افراد پر کوئی جرم ثابت نہیں ہو سکا۔ محمد اشرفل اور شیہاب پر سزاﺅں کا فیصلہ (آج) جمعرات کو متوقع ہے۔ گزشتہ برس مئی میں بی پی ایل کے دوران میچ فکسنگ اور سپاٹ فکسنگ کا سکینڈل سامنے آیا تھا اور نو افراد پر کرپشن کے الزامات عائد کئے گئے تھے۔ بنگلہ دیشی کرکٹر محمد اشرفل نے کرپشن میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا تھا جس کے بعد بی سی بی نے تحقیقات مکمل ہونے تک ان پر ہر قسم کی کرکٹ کھیلنے کی پابندی عائد کر دی تھی۔ بدھ کو ٹریبونل کی جانب سے بی پی ایل کرپشن کیس کے حوالے سے مختصر فیصلہ سنایا گیا جس میں بنگلہ دیشی کرکٹر محمد اشرفل اور ڈھاکہ گلیڈی ایٹرز کے مالک شیہاب جسہان چوہدری کو قصور وار ٹھہرا دیا گیا، اشرفل پہلے ہی کرپشن میں ملوث ہونے کا اعتراف کر چکے ہیں جبکہ جسہان پر میچ فکس کرنے کی کوشش کا الزام ثابت ہوا ہے۔
ڈیرن سٹیونز، محبوب العالم، مشرف حسین، سلیم چوہدری، گوراو روات اور محمد رفیق بے گناہ ثابت ہوئے ہیں۔ کھلاڑیوں پر سزاﺅں کا فیصلہ آج جمعرات کو سنائے جانے کا امکان ہے۔