اداکار رن دیپ ہودا نصیر الدین شاہ کے زبردست مداح نکلے
ممبئی (این این آئی)اداکار رن دیپ ہودا نصیر الدین شاہ کے زبردست مداح ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی نئی فلم ”ہائی وے“ کو اس وقت تک ادھورا سمجھتے رہیں گے جب تک عظیم اداکار نصیرالدین شاہ اسے دیکھ نہ لیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں شدت سے منتظر ہوں کہ شاہ صاحب کب اس فلم کو دیکھیں گے اور کب اس پر اپنی رائے دیں گے۔رن دیپ ہودا، نصیر الدین شاہ کے ساتھ تھیٹر میں بھی کام کر چکے ہیں، انھوں نے کہا کہ انہیں اپنی فلم کے سلسلے میں لاتعداد ستائشی فون آئے ہیں لیکن انھیں انتظار اپنے استاد کی رائے کا ہے۔رن دیپ ہودا نے نصیرالدین شاہ کے کے لیے فلم کے خصوصی شو کا اہتمام بھی کیا تھا لیکن شاہ صاحب کسی اور مصروفیت کی وجہ سے شو میں نہیں پہنچ سکے۔21 فروری کو ریلیز ہونے والی فلم ہائی وے کے ہدایت کار امتیاز علی ہیں اور اس فلم میں رن دیپ ہودا کے ساتھ مرکزی کردار مہیش بھٹ کی بیٹی عالیہ بھٹ نے ادا کیا ہے۔