پنجا ب یوتھ فیسٹیول پاکستان کو دنیا میں اہم مقام دلائے گا، رانا مشہود

پنجا ب یوتھ فیسٹیول پاکستان کو دنیا میں اہم مقام دلائے گا، رانا مشہود

لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد نے کہا ہے کہ یوتھ فیسٹیول کے آگے بڑھنے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کا جذبہ بھی پروان چڑھ رہا ہے جو دنیا کو یہ بتا دینا چاہتے ہیں کہ پاکستانی نوجوان دنیا کے کسی بھی ملک کے نوجوانوں سے کم نہیں ہیں۔سپورٹس بورڈ جمنیزیم ہال میںگینز ریکارڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول نے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا پلیٹ فارم مہیا کیا ہے اس مرتبہ ہم 100 گینز ریکارڈ بنانے کی کوشش کریں گے جس میں پاکستان آرمی کے جوان بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک پاکستان میں کیپٹن ارباب جیسے نوجوان موجود ہیں پاکستانی قوم کے جذبے کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ رانا مشہود نے کہا کہ پوری دنیا اس وقت ہمارے نوجوانوں کو عالمی ریکارڈ قائم کرتا دیکھ رہی ہے یوتھ فیسٹیول پاکستان کو دنیا میں اہم مقام دلائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کا ویژن پاکستان کو ایک خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنانا ہے اس مقصد کیلئے انہوں نے غربت مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے لئے انقلابی اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یوتھ فیسٹیول سے دنیا بھر میں پاکستان کا سافٹ امیج سامنے آیا ہے جس سے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔ اس موقع پر ڈی جی سپورٹس عثمان انور نے نوجوانوں کو نئے ریکارڈز قائم کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس بار نوجوانوں کو پہلے سے زیادہ سہولیات مہیا کی گئی ہیں اور آئندہ مزید بہتر سہولتیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو نوجوان ورلڈ ریکارڈز قائم کر رہے ہیں اس سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوگا جو آئندہ زندگی میں ان کے کامیاب انسان بننے میں مددگار ثابت ہوگا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی