چھوٹے بھائی کے بعد کامران اکمل کا بھی چالان، غلطی پر تھا، آئندہ احتیاط کروں گا: قومی کرکٹر

چھوٹے بھائی کے بعد کامران اکمل کا بھی چالان، غلطی پر تھا، آئندہ احتیاط کروں ...
چھوٹے بھائی کے بعد کامران اکمل کا بھی چالان، غلطی پر تھا، آئندہ احتیاط کروں گا: قومی کرکٹر

  


لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) ٹریفک پولیس نے قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کا دوران ڈرائیونگ ٹیلی فون سننے پر چالان کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کامران اکمل لاہور میں کلمہ چوک کے قریب گاڑی چلاتے ہوئے فون سن رہے تھے کہ ٹریفک پولیس نے قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر ان کا چالان کر دیا۔ کامران اکمل نے تمام معاملے کے دوران اپنے چھوٹے بھائی عمر اکمل کے برعکس اچھا رویہ اختیار کیا اور موقع پر ہی 500روپے جرمانہ ادا کر دیا۔ قومی کرکٹر نے واقعے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ کلب میں پریکٹس کے بعد گھر واپس جا رہے تھے کہ ڈرائیونگ کے دوران فون سننے پر انہیں ٹریفک وارڈن نے روک لیا تاہم وارڈن کا رویہ بہترین تھا، اگر عمر اکمل کے ساتھ بھی ایسا رویہ اختیار کیا جاتا تو بات وہیں ختم ہو جانی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمر اکمل کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی پوری تحقیق ہونی چاہئے کیونکہ ان پر جھوٹے الزامات لگائے گئے ہیں۔ آج پہلی بار میری ہی غلطی پر میرا چالان ہوا، اگر عمر کے ساتھ بدتمیزی نہ ہوتی تو نوبت یہاں تک نہ پہنچتی۔

مزید : لاہور