اقبال ٹاؤن سبزی و پھل منڈی مسائلستان بن گئی

اقبال ٹاؤن سبزی و پھل منڈی مسائلستان بن گئی

 لاہور(ایم آئی بھٹی) علامہ اقبال ٹاؤن سکیم میں 1978میں بنائی جانیوالی198پلاٹوں پر مشتمل سبزی و پھل منڈی بنیادی سہولیات سے محروم ، 80 پلاٹ پھل مارکیٹ اور 118سبزی منڈی کیلئے مختص ہیں یہ جگہ ملتان روڈ اور وحدت روڈ جیسے جدید علاقوں میں شامل ہے لیکن اس کے باوجود سبزی منڈی اور فروٹ مارکیٹ کی سڑکیں ٹوٹی پھوٹی ہیں اور سیوریج بند اور سڑکوں پر پانی کھڑا رہتا ہے اس حوالے سے مارکیٹ کمیٹی کے نمائندے سے بات کی گئی تو اس نے بتایا کہ منڈی کے تمام معاملات ایل ڈی اے کے سپر د ہیں ۔دو دفعہ سٹی گورنمنٹ اور واسا کومنڈی کی صفائی اور سڑکوں کے متعلق لکھا تو سٹی گورنمنٹ نے ایک کروڑ 31لاکھ کا تخمینہ لاگت بنا کر بھیج دیا جبکہ واسا نے6لاکھ کا مطالبہ کیا کہ صفائی کیلئے مذکورہ رقم درکار ہے۔منڈی میں کام کرنے والوں نے بتایا کہ 1978 سے تاحال سیوریج کی صفائی نہیں کی گئی اور سیوریج کے اندر 8فٹ تک مٹی جمی ہوئی ہے۔واسااہلکار چکر تو لگاتے ہیں لیکن صفائی نہیں کرتے ۔منڈی میں کوئی مین آڑھتی بھی نہیں ہے بلکہ خوانچہ فروش سبزی اور فروٹ فروخت کر رہے ہیں جس وجہ سے منڈی کی اصل حالت بھی بگڑ چکی ہے۔جہاں پر سستی اشیاء کی فروخت کا سلسلہ بھی ختم ہو چکا ہے جبکہ مذکورہ سبزی منڈی ہول سیل کی بجائے محض پرچون فروشوں کی مارکیٹ بن چکی ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1