سینیٹ الیکشن کیلئے حکومت تمام پارٹیوں سے مل کر کام کرے ، امجد خالق

سینیٹ الیکشن کیلئے حکومت تمام پارٹیوں سے مل کر کام کرے ، امجد خالق
سینیٹ الیکشن کیلئے حکومت تمام پارٹیوں سے مل کر کام کرے ، امجد خالق

  


 لاہور (بزنس رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور ممتاز بزنس مین محمد امجد خالق نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن کو متنازعہ بنانے سے بچانے کے لئے حکومت تمام پارٹیوں کے ساتھ مل کر کام کرے اور ہر صورت سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کو روکے اور اس میں تمام سیاسی رہنما بھی اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر سینیٹ الیکشن بھی قومی اور صوبائی الیکشنوں کی طرح متنازعہ ہو گئے تو موجودہ جمہوری نظام کا چلنا مشکل ہو جائے گا۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ملک سے کرپشن کے خاتمے اور میرٹ کے فروغ کے لئے بھی عملی اقدامات کریں۔ وہ گزشتہ روز روزنامہ ’’پاکستان‘‘ کے ساتھ خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔محمد امجد خالق نے کہا کہ کرپشن اس وقت پاکستان کا اہم ترین مسئلہ ہے اور انشا اللہ صوبہ خیبرپختونخوا میں کرپشن کے خلاف موثر جنگ جاری ہے جس کے نہایت مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کرپشن کے ناسور کے خلاف اور میرٹ کے فروغ کے لئے ڈٹی ہوئی ہے، حالانکہ خیبرپختونخوا کے حالات دیگر صوبوں کی نسبت زیادہ کشیدہ ہیں اور یہاں پر حکومت پر زیادہ دباؤ ہے،لیکن الحمد للہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت چیئرمین عمران خان کی قیادت میں ہر طرح کے مسائل سے نبرد آزما ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پولیس کلچر میں بہت زیادہ تبدیلی وقوع پذیر ہو چکی ہے تمام اعلیٰ آسامیاں میرٹ پر پُر کی گئی ہیں اور جس طرح چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا بیرونی سرمایہ کاری کیلئے ایک آئیڈیل صوبہ ہے اور ہم انشا اللہ پوری دنیا سے سرمایہ کاروں کو صوبہ میں سرمایہ کاروں کی جانب سے راغب کریں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4