عالمی مالیاتی اداروں اور سرمایہ کاروں نے پاکستانی معیشت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے ،جلیل عباس جیلانی

عالمی مالیاتی اداروں اور سرمایہ کاروں نے پاکستانی معیشت پر اعتماد کا اظہار ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 واشنگٹن(اے این این) امریکہ کیلئے پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ10 مارچ کو اسلام آباد میں ہونے والی پاک امریکہ بزنس کانفرنس ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی، پاکستان اس سال جی ڈی پی کی شرح نمو ساڑھے5 فیصد تک لے جائے گا ،عالمی مالیاتی اداروں اور سرمایہ کاروں نے پاکستانی معیشت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ گزشتہ روز یہاں ڈیلی ویئر میں تاجر برادری اور سیاسی رہنماؤں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور موجودہ حکومت نے معیشت کو درست سمت پر گامزن کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیائی خطے میں ایک انتہائی اہم ملک ہے اور خطے کی امن و سلامتی میں مرکزی کردار ادا کررہا ہے۔ پاکستان خود دہشت گردی کا شکارہے اور اس لعنت نے پاکستانی معیشت کو بری طرح نقصان پہنچایا ہے۔ خطے میں قیام امن کیلئے اقتصادی خوشحالی ناگزیر ہے۔ پاکستان اس مقصد کیلئے اپنا بھرپور کردار اداکرنے کیلئے پرعزم ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاری راغب کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 10مارچ کی پاکستان امریکہ تجارتی مواقع کانفرنس انتہائی اہمیت کے حامل ہے جس سے پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اور پاکستانی معیشت کیلئے نئے امکانات کھلیں گے اس سے پاک امریکہ سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات میں بھی اضافہ ہوگا جس میں 200 سے زائد امریکی تاجر اور سرمایہ کار شرکت کرینگے جس کی میزبانی پاکستان کرے گا۔ اسلام آباد میں ہونے والی یہ دوطرفہ کانفرنس باہمی تعلقات میں اضافے کیلئے مفید ثابت ہوگی اور اس میں توانائی ، صعنت اور زراعت کے شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جب اقتدار سنبھالا تو پاکستانی معیشت کمزور تھی اور جی ڈی پی کی شرح نمو صرف 3 فیصد تھی۔ امید ہے کہ یہ شرح نمو اس سال بڑھ کر ساڑھے 5 فیصد تک پہنچ جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت کے اقدامات کی وجہ سے عالمی برادری کا اعتماد بحال ہوا ہے اور عالمی سرمایہ کار پاکستان میں مختلف شعبوں میں اپنا سرمایہ لگانے کے بارے میں سوچ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان توانائی کے بحران کا شکار ہے اور بجلی کی پیداوار کے منصوبوں میں عالمی کمپنیاں سرمایہ لگا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عالمی بینک اور آئی ایم ایف سمیت ممتاز عالمی مالیاتی اداروں نے پاکستانی معیشت کو مثبت قرار دیا ہے اور موڈیز نے بھی ہماری رینکنگ بہتر کی ہے۔

مزید :

علاقائی -