پنجاب حکومت کا رواں مالی سال کیلئے پراپرٹی ٹیکس کے ہدف میں 55کروڑ روپے کا اضافہ

پنجاب حکومت کا رواں مالی سال کیلئے پراپرٹی ٹیکس کے ہدف میں 55کروڑ روپے کا ...

لاہور(شہباز اکمل جندران//انوسٹی گیشن سیل)پنجاب حکومت نے مالی سال 2014-15کے لیے صوبے میں پراپرٹی ٹیکس کے مجموعی حدف میں 55کروڑ روپے کا اضافہ کردیا۔اس سلسلے میں ایکسائز اینڈٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ نے اضافی حدف کی وصولی کے لیے تمام ڈائریکٹروں کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ لیکن دوسری طرف محکمے کے ریکوری سٹاف نے اس اضافے پر تشویش کا اظہا ر کر تے ہو ئے ریکوری کو ناممکن قرار دیا ہے۔معلوم ہواہے کہ پنجاب حکومت نے مالی سال 2014-15کے لیے پر اپرٹی ٹیکس کا مجموعی حدف8ارب 13کروڑ 75لاکھ روپے مقرر کیا ۔ لیکن اب اس حدف میں 55کروڑ روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔اس ضمن میں ایکسا ئز اینڈٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے تمام ڈائریکٹروں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ اور انہیں پہلے سے دیئے جانے والے ٹارگٹ کی روشنی میں اضافی حدف دیدیئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایکسائز اینڈٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ 31جنوری تک 8ارب 13کروڑ 75لاکھ روپے کے حدف کے جواب میں 62فیصد ریکوری کے تناسب سے مجموعی طورپر 5ارب 3کروڑ 61لاکھ رروپے کی ریکوری کرچکا ہے۔معلوم ہواہے کہ پنجاب حکومت نے رواں مالی سال کے دوران پراپرٹی ٹیکس کے ریٹ میں 50فیصد اضافہ پہلے سے ہی کررکھا ہے۔ جس کی وصولی پر محکمے کے ریکوری سٹاف کو مشکلات کاسامنا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ 55کروڑ روپے کے اضافی حدف پر محکمے کے ریکوری سٹاف نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس ریکوری کو ناممکن قرار دیا ہے۔ ریکوری سٹاف کا کہنا ہے کہ پہلے سے موجود ٹارگٹ کا حصول آسان نہیں ہے۔ اس پر مزید ٹیکس کیسے ریکور کیا جاسکتا ہے۔بتایا گیا ہے کہ محکمے کی طرف سے تمام ڈائریکٹروں کو 55کروڑ روپے کے اضافی ٹیکس کی وصولی کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے گائیڈ لائنز بھی دی گئی ہیں کہ وہ جائیدادوں کی تشخیص اور استثنیٰ کا آڈٹ کریں۔اور بقایا جات کی وصولی تیز کر کے حدف کے حصول کو ممکن بنائیں۔

مزید : علاقائی