ورکنگ باؤنڈری پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ کا منہ توڑ جواب دینگے ،جنرل راحیل شریف

ورکنگ باؤنڈری پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ کا منہ توڑ جواب دینگے ،جنرل ...

 راولپنڈی/سیالکوٹ(اے این این، آ ن لائن ، مانیٹر نگ ڈ یسک) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہاہے کہ بھارتی جارحیت کا مقصد دہشت گردوں کے خلاف آپریشن سے توجہ ہٹانا ہے ، جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی سے علاقائی استحکام متاثرہورہاہے، کوئی خوش فہمی میں ہر گز نہ رہے، بلااشتعال فائرنگ کامنہ توڑجواب دیاجائیگا ۔آئی ایس پی آرکے مطابق جمعرات کوآرمی چیف نے سیالکوٹ ورکنگ بانڈری اور بھارتی جارحیت سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقے کا دورہ کیا ۔ آرمی چیف نے ورکنگ بانڈری پر تعینات پاک فوج کے جوانوں سے ملاقات کی اور ورکنگ بانڈری کے قریب دیہات کے رہائشیوں سے بھی ملے۔ انہوں نے فوجی جوانوں اور رہائشیوں کے حوصلے کو سراہا۔ آرمی چیف نے اس موقع پر کہا کہ قوم اور پاک فوج وطن عزیز کے دفاع کے لیے متحد ہے۔ بھارتی جارحیت کا مقصد دہشت گردوں کے خلاف آپریشن سے توجہ ہٹانا ہے کیونکہ اس سے دہشت گردی کے خلاف جنگ متاثر ہوتی ہے اور خطے کا امن بھی غیر مستحکم ہوتا ہے۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا کوئی خوش فہمی میں ہر گز نہ رہے بلااشتعال فائرنگ کا جواب دیں گے۔

مزید : صفحہ اول